پاکستانی نژاد برطانوی باکسنگ لیجنڈ عامر خان کو پاک فوج نے ایک دن کے لئے کیپٹن کے اعزازی رینک سے نواز دیا۔

گزشتہ روز عامر خان نے آرمی چیف کے سربراہ عاصم منیر سے ملاقات کی تھی، اس دوران انہیں ایک دن کے لیے اعزازی کیپٹن کے رینک سے نوازا گیا جس پر باکسر نے پاک فوج کا شکریہ ادا کیا۔

عامر خان نے اپنے انسٹاگرام اور ایکس اکاؤنٹس پر آرمی یونیفارم میں ویڈیوز اور تصاویر شیئر کیں جس کے ساتھ انہوں نے کیپشن لکھا کہ ’جنرل سید عاصم منیر اور پاکستان آرمی کا بہت شکریہ جنہوں نے مجھے کیپٹن کے رینک سے نوازا۔‘

انہوں نے کہا کہ پاک فوج کا یونیفارم پہن کر اور رینکس لگا کر وہ وہی خوشی محسوس کررہے ہیں جیسی خوشی انہیں عالمی چیمپئن بننے پر محسوس ہوئی تھی، انہوں نے کہا کہ وہ پاک فوج کو ہمیشہ سپورٹ کرتے ہیں۔

عامر خان نے یہ بھی کہا کہ ’یہ صرف ایک اعزازی رینک ہے جو مجھے میرے ملک پاکستان نے دیا ہے، مجھے پاکستان کے عوام اور پورے ملک سے بے پناہ محبت ہے، میں صرف اپنا تجربہ شئیر کرنا چاہتا تھا، تاہم میرا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے‘۔

واضح رہے کہ عامر خان نے اپنے شاندار کیریئر میں بے شمار کامیابیاں سمیٹیں، انہوں نے 2004ءکے اولمپکس مقابلوں میں لائٹ ویٹ کیٹیگری میں صرف 17 سال کی عمر میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔

قبل ازیں آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق باکسنگ لیجنڈ عامر خان اور مارشل آرٹس چیمپیئن شاہ زیب رند نے جنرل ہیڈ کوارٹرز میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے بھی ملاقات کی تھی۔

ملاقات کے دوران آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پاکستان کے نوجوانوں کی شاندار صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار بھی کیا۔

خیال رہے کہ باکسر عامر خان سابق ورلڈ چیمپئن رہے ہیں جبکہ شاہزیب رند نے حال ہی میں مکسڈ مارشل آرٹس مقابلے میں بھارتی فائٹر کو شکست دی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں