عمران خان کے نواز شریف سے 5 مطالبات

اپ ڈیٹ 07 فروری 2016
عمران خان ڈیرہ مراد جمالی میں خطاب کر رہے ہیں—فوٹو: بشکریہ پی ٹی آئی فیس بک پیج
عمران خان ڈیرہ مراد جمالی میں خطاب کر رہے ہیں—فوٹو: بشکریہ پی ٹی آئی فیس بک پیج

ڈیرہ مراد جمالی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے وزیر اعظم نواز شریف اور وفاقی حکومت سے 5 مطالبات کیے ہیں جبکہ ان مطالبات کی عدم منظوری پر احتجاج کا بھی اعلان کیا ہے۔

بلوچستان کے علاقے ڈیرہ مراد جمالی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پہلا مطالبہ پیش کیا کہ پیٹرول اور مٹی کی قیمت میں 5، 5 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 20 روپے کمی کی جائے۔

انہوں نے دوسرا مطالبہ پیش کیا کہ گیس پر لگائے جانے والے سیس ٹیکس اور انفراسٹکچر ٹیکس واپس لیے جائیں، گیس سے اضافی ٹیکس ختم کرنے سے بجلی 3 روپے فی یونٹ کم ہوگی۔

عمران خان کا تیسرا مطالبہ تھا کہ اسٹیل مل اور پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز (پی آئی اے) کی نجکاری کے بجائے اس کی انتظامیہ کو ٹھیک کیا جائے۔

انہوں نے چوتھا مطالبہ کیا کہ اسٹیل مل سمیت دیگر سرکاری ملازمین کو تنخواہیں ادا کی جائیں

چیئرمین تحریک انصاف کا پانچواں مطالبہ تھا کہ پاکستان کا لوٹا ہوا پیسہ بیرون ملک سے واپس لایا جائے۔

مطالبات پیش کرنے کے بعد عمران خان نے کہا کہ حکومت نے مطالبات نہ مانے تو سڑکوں پر نکل آئیں گے اور پر امن احتجاج کیا جائے گا۔

تحریک انصاف کے چیئرمین کا دعوی تھا کہ وزیر اعظم نواز شریف کے لیے 2018 بہت دور ہے تب تک ان کا چلنا مشکل ہے۔

یار محمد رند 4 ماہ قبل پی ٹی آئی میں شامل ہوئے ہیں۔۔۔ فوٹو: بشکریہ فیس بک پیج
یار محمد رند 4 ماہ قبل پی ٹی آئی میں شامل ہوئے ہیں۔۔۔ فوٹو: بشکریہ فیس بک پیج

عمران خان نے ازراہ تفنن کہا کہ نواز شریف چلتے چلتے دستی بم پر لات مار دیتے ہیں۔

لاہور میں اورینج ٹرین کی تعمیر، پی آئی اے ملازمین کے احتجاج سمیت دیگر امور پر بھی عمران خان نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

واضح رہے کہ ڈیرہ مراد جمالی سے تعلق رکھنے والے سیاست دان یار محمد رند کی تحریک انصاف میں 4 ماہ قبل شمولیت کے بعد پی ٹی آئی کا بلوچستان میں یہ پہلا بڑا جلسہ ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں