اسٹون کولڈ کی ریسل مینیا 32 میں شرکت؟

13 فروری 2016
اسٹون کولڈ — اے پی فوٹو
اسٹون کولڈ — اے پی فوٹو

دی راک تو ریسل مینا کا حصہ بننا تو یقینی ہے اور ان کا کردار ابھی بھی واضح نہیں تاہم ان کا سب سے بڑا حریف بھی ڈبلیو ڈبلیو ای کے اس ایونٹ میں شرکت کرنے والا ہے۔

جی ہاں اسٹون کولڈ اسٹیو آسٹن بھی ریسل مینیا کا حصہ ہوں گے تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں کہ وہ ریسلنگ رنگ میں اتریں گے یا بس رسمی شرکت کریں گے۔

امریکی جریدے فوربز کے مطابق اسٹون کولڈ اس حوالے سے ایک انٹرویو میں کہہ چکے ہیں کہ وہ 99 فیصد پریقین ہیں کہ وہ ریسل مینا 32 کا حصہ ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ اس ایونٹ میں اپنے کردار کے حوالے سے ابھی کچھ کہنا نہیں چاہتے تاہم پرستار انہیں وہاں دیکھ ضرور سکیں گے۔

اسٹون کولڈ کو ریسلنگ سے ریٹائر ہوئے کافی عرصہ ہوچکا ہے اور بظاہر وہ مزید مقابلوں میں دلچسپی بھی نہیں رکھتے۔

اسٹون کولڈ اس سے پہلے بھی کئی بار ڈبلیو ڈبلیو ای کے ایونٹس میں رسمی طور پر شریک ہوچکے ہیں تاہم ان کے کسی سے مقابلے کی خواہش پرستاروں کے دلوں میں اب تک زندہ ہے۔

اب دیکھنا ہوگا کہ ڈبلیو ڈبلیو ای ان کے لیے ریسل مینیا 32 میں کیا کردار طے کرتی ہے کیونکہ یہ کمپنی اپنے اس ایونٹ کو اب تک کا سب سے یادگار بنانا چاہتی ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں