آپ کونسا اسمارٹ فون خریدنا پسند کرتے ہیں اینڈرائیڈ یا ایپل کا آئی او ایس ؟

ویسے تو دنیا بھر میں زیادہ تر اسمارٹ فونز گوگل کے آپریٹنگ سسٹم اینڈرائیڈ پر کام کرتے ہیں مگر ان میں سے چند کو ہی جدید ترین کہا جاسکتا ہے۔

مثال کے طور پر گوگل نے گزشتہ سال اکتوبر میں اپنا آپریٹنگ سسٹم اینڈرائیڈ مارش میلو متعارف کرایا تھا جو اب تک کا سب سے نیا ورژن ہے جس میں متعدد اچھے اور کارآمد فیچرز موجود ہیں۔

تاہم دنیا بھر میں صرف 7.5 فیصد صارفین ہی اسے استعمال کررہے ہیں اور دیگر اینڈرائیڈ صارفین اسے استعمال نہیں کرسکتے۔

اس وقت 32.5 فیصد اینڈرائیڈ ڈیوائس کٹ کیٹ پر کام کررہی ہیں جو 2013 میں سامنے آیا جبکہ 24 فیصد ڈیوائسز میں تو اس سے بھی پرانے ورژنز موجود ہیں۔

دوسری جانب ایپل کے معاملے میں حالات مختلف ہیں اور گزشتہ ماہ اس کمپنی نے اعلان کیا تھا کہ اس کے 84 فیصد آئی فونز اور آئی پیڈز کے صارفین آئی او ایس نائن پر آچکے ہیں جو ستمبر 2015 میں متعارف کرایا گیا۔

صرف 11 فیصد آئی او ایس 8 اور 5 فیصد اس سے پہلے کے ورژن کو استعمال کررہے ہیں۔

تو بات واضح ہے کہ ایپل کی جانب سے لوگوں کو اپنے فونز نئے آپریٹنگ سسٹم پر اپ ڈیٹ کرنے کا موقع دیا جاتا ہے مگر گوگل میں نہیں۔

اور یہ فرق بہت معنی رکھتا ہے اور اس کی وجہ بھی دلچسپ ہے۔

گوگل کے اینڈرائیڈ فونز متعدد کمپنیوں کی جانب سے تیار کیے جاتے ہیں، جیسے سام سنگ، ایل جی، ایچ ٹی سی، سونی اور دیگر۔

تو یہ کمپنیاں نئے اینڈرائیڈ سسٹم کو اکثر اپنے نئے فلیگ شپ ڈیوائسز کے لیے مختص کردیتے ہیں اور اس کا ایک مقصد قیمتوں کو بھی کم رکھنا ہوتا ہے۔

اگر تو آپ نے 2013 میں کوئی فون خریدا ہو تو اس بات کے بہت زیادہ امکانات ہیں کہ آپ کی کمپنی نے سافٹ ویئر کو اپ ڈیٹ کرنے کا موقع فراہم ہی نہ کیا اور ہاں یہ ذہن میں رہے کہ فون کا ہارڈ ویئر نئے آپریٹنگ سسٹمز کے ساتھ کام کرسکتا ہے۔

تاہم پھر بھی بیشتر افراد تیکنیکی طور پر پرانی ڈیوائسز کے ساتھ خوش رہتے ہیں۔

ایپل چونکہ آئی فون تیار کرنے والی واحد کمپنی ہے تو اس لیے وہ بلاامتیاز اپنی تمام ڈیوائسز کے لیے سافٹ ویئر اپ ڈیٹس فراہم کرتی ہے۔

تو اگلی بار آپ فون خریدنے جائیں تو یاد رکھیں کہ آج خریدے جانے والے اینڈرائیڈ ڈیوائس کے پاس سافٹ ویئر اپ گریڈ کا امکان آئی فون کے مقابلے میں ہوگا مگر آپ متعدد کمپنیوں اور قیمتوں میں سے اپنی پسند کا فون ضرور خرید سکتے ہیں۔

اب اینڈرائیڈ لینا چاہئے یا آئی او ایس، یہ فیصلہ تو آپ کے ہاتھ میں ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں