کرس گیل کیلئے بگ بیش کے دروازے بند

کرس گیل کی بگ بیش میں ٹی ٹوئنٹی کی تیز ترین نصف سنچری کا ریکارڈبرابر کیا تھا—فوٹو: اے ایف پی
کرس گیل کی بگ بیش میں ٹی ٹوئنٹی کی تیز ترین نصف سنچری کا ریکارڈبرابر کیا تھا—فوٹو: اے ایف پی

میلبورن: آسٹریلیا کی ٹی ٹوئنٹی لیگ بگ بیش کی ٹیم میلبورن رینیگیڈز نے ویسٹ انڈیز کے مایہ ناز بلے باز کرس گیل کو رواں سیزن کے لیے ٹیم میں شامل نہ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

کرکٹ ویب سائٹ کرک بز کی رپورٹ کے مطابق میلبورن رینی گیڈز کے چیف ایگزیکٹیو اسٹورٹ کوونٹری کا کہنا ہے کہ 'ہم اپنی ٹیم میں شامل غیر ملکی کھلاڑیوں کا اعلان جلد ہی کریں گے اور ان میں کرس گیل شامل نہیں ہیں'۔

میلبورن رینیگیڈز کے اس فیصلے کے ساتھ ہی کرس گیل کے بگ بیش میں شرکت کے امکانات بھی معدوم ہوگئے ہیں کیونکہ دیگر ٹیموں نے غیرملکی کھلاڑیوں کو شامل کرلیا ہے جبکہ کچھ ٹیموں کو گیل کے حصول پر دلچپسی نہیں ہے۔

کرس گیل بگ بیش لیگ کے گزشتہ سیزن میں خاتون صحافی کے ساتھ ناشائستہ گفتگو کرنے پر سخت تنقید کا نشانہ بنے تھے جس پر انھیں معافی بھی مانگنا پڑی تھی جبکہ ان پر جرمانہ بھی کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: خاتون سے'بدتمیزی'، گیل پر10ہزار ڈالر جرمانہ

انڈین پریمیئرلیگ (آئی پی ایل) میں کرس گیل رائل چیلنجرز بنگلور کی نمائندگی کررہے ہیں جہاں وہ حال ہی میں ایک دفعہ پھر اسی طرح کے الزامات کی ذد میں آئے ہیں۔

کرس گیل نے بگ بیش میں شرکت کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ سب کچھ بھلا کر ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے آسٹریلیا جانا چاہتے ہیں۔

بگ بیش کے گزشتہ سیزن میں انھوں نے 32.5 کی اوسط سے 260 رنز بنائے تھے اور نمایاں کارکردگی 17 گیندوں پر 56 رنز تھی جبکہ یوراج سنگھ کا 12 گیندوں پر ٹی ٹوئنٹی کی تیز ترین نصف سنچری بنانے کا ریکارڈ بھی برابر کردیا تھا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں