افغان طالبان کا کہنا ہے کہ ان کے سابق امیر ملا اختر منصور، گزشتہ ایک دہائی کے دوران طالبان کی لڑائی جاری رکھنے کے لیے اکثر پاکستان سے مشرق وسطیٰ، فنڈ اکٹھے کرنے جایا کرتے تھے۔

افغان طالبان کے مرکزی ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ٹیلی فونک گفتگو میں بتایا کہ امریکی ڈرون حملے میں مارے جانے والے ملا اختر محمد منصور، پاکستانی پاسپورٹ کے ذریعے متحدہ عرب امارات جایا کرتے تھے۔

ملا اختر منصور 2001 سے اقوام متحدہ کی نو ۔ فلائی فہرست میں شامل تھے۔

ذبیح اللہ مجاہد کے مطابق ملا اختر منصور، طالبان جنگ کے حوالے سے تبادلہ خیال اور فنڈز اکٹھے کرنے کے لیے متحدہ عرب امارات میں افغان تاجروں اور اسلامی ممالک کے مندوبین سے ملاقاتیں کرتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ملا اختر منصور نے پڑوسی ملک ایران کے بھی کئی غیر سرکاری دورے کیے۔

طالبان ترجمان کے اس دعوے سے اس بات کی وضاحت ہوتی ہے کہ افغان طالبان، امریکی فورسز کے خلاف لڑائی کے لیے کیسے اپنی طاقت برقرار رکھتے تھے۔

طالبان نے ملا اختر منصور کی ہلاکت کی تصدیق کے بعد بدھ کے روز مولوی ہیبت اللہ اخونزادہ کو اپنا نیا امیر مقرر کیا تھا۔

افغان سیکیورٹی عہدیدار کے مطابق ملا اختر منصور، پاکستانی پاسپورٹ پر کراچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بیرون ملک سفر کے لیے گزشتہ 9 سال سے ولی محمد کی عرفیت استعمال کرتا تھا۔

عہدیدار کا کہنا تھا کہ ملا اختر منصور 18 بار دبئی اور ایک بار بحرین گیا۔

طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان میں جاری جنگ کی ذمہ داریوں کو نبھانے کے لیے ملا اختر منصور نے ایران کا بھی سفر، اور پاسپورٹ پر نام مختلف ہونے کی وجہ سے ایرانی سرحدی پولیس انہیں پہچان نہ سکی۔

قبل ازیں ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان حسین جبری انصاری نے اس بات سے انکار کیا تھا کہ ملا اختر منصور نے ڈرون حملے سے قبل ایرانی سرحد پار کی تھی۔

دوسری جانب افغان صدر اشرف غنی کے نائب ترجمان سید ظفر ہاشمی کے مطابق افغان سیکیورٹی ایجنسیز ملا اختر منصور کے بیرون ملک دوروں کے حوالے سے تحقیقات کر رہی ہیں۔

پاکستان میں تعینات افغانستان کے سابق سفارتکار احمد سعیدی کا ٹیلی فونک گفتگو میں کہنا تھا کہ ہوسکتا ہے کہ ملا اختر منصور کو دوروں کے لیے فنڈنگ ان ممالک کی انٹیلی جنس ایجنسیوں کی جانب سے، خطے میں اسٹریٹجک مفادات اور اثر و رسوخ قائم رکھنے کے لیے کی جاتی ہو۔

انہوں نے کہا کہ یہ بھی ممکن ہے کہ ملا اختر منصور نے منشیات کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم ان دوروں کے لیے استعمال کی ہو۔

یہ خبر 27 مئی 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں