فیس بک نے اپنے نیوز فیڈ پر اپنی تاریخ کی سب سے بڑی تبدیلی کو آج سے صارفین تک پہنچانا شروع کردیا ہے۔

جی ہاں فیس بک نے مختلف موضوعات (ٹاپکس) پر مبنی نیوز فیڈ کا فیچر صارفین کے لیے متعارف کرا دیا ہے۔

یہ فیس بک کی ابتدا سے نیوز فیڈ پر کی جانے والی سب سے بڑی تبدیلی ہے۔

اس نئی ٹائم میں مختلف موضوعات کے مطابق نیوزفیڈ تقسیم ہوتا ہے اور ہر ایک اپنی پسند کے ٹاپکس پر مبنی پوسٹس کو دیکھ سکتا ہے جیسے جانور، ٹی وی اور فلم وغیرہ۔

یہ نیا فیچر سب سے پہلے آسٹریلیا میں متعارف کرایا گیا ہے جہاں اکثر فیس بک اپنے نئے فیچرز کو ٹیسٹ کرنے کے لیے پیش کرتی ہے۔

جن صارفین کو یہ فیچر دستیاب ہے، ان کے سامنے ایک پوپ اپ الرٹ کی شکل میں فیس بک کی جانب سے بتایا جارہا ہے کہ اب کسی مخصوص ٹاپک کی اسٹوریز کو دیکھنے کے نئے انداز کو آزمائیں۔

ایک بار جب یہ فیچر ٹائم لائن کا حصہ بن جائے تو صارفین اپنی مرضی سے مختلف ٹاپکس پر مبنی نیوز فیڈز کو بائی ڈیفالٹ سیٹ کرسکتے ہیں جس کے بعد فیس بک ہر فرد کی پروفائل کو خود کسٹمائز کرے گی۔

ابھی یہ واضح نہیں کہ فیس بک کب تک اس فیچر کو دنیا بھر میں متعارف کرائے گی تاہم لوگوں کے اندر اپنی ذات سے متعلق مواد کو شیئر کرنے کے رجحان میں کمی سے پریشان ویب سائٹ کو امید ہے کہ اس سے لوگوں کے اندر اپنے بارے میں پوسٹس کرنے کی حوصلہ افزائی ہوگی۔

فیس بک نے نیوز فیڈ کے کالم میں پرنسل نیوز کو بھی برقرار رکھا ہے تاکہ کسی بھی مسئلے سے بچا جاسکے۔

فیس بک کی جانب سے نیوزفیڈ میں تبدیلیاں بہت کم کی جاتی ہیں جسے اس سائٹ کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیا جاسکتا ہے اور اس میں تبدیلی کی آزمائش گزشتہ چند ماہ سے جاری تھی تاہم اب اسے باقاعدہ طور پر متعارف کرا دیا گیا ہے۔

حالیہ مہینوں میں جو بڑی تبدیلی فیس بک کی جانب سے متعارف کرائی گئی تھی وہ ویڈیو ہب اور نئے لائیک بٹن ری ایکشنز کو متعارف کرانا تھا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں