رافیل نڈال انجری کے سبب فرنچ اوپن سے دستبردار

رافیل نڈال پیرس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فرنچ اوپن سے دستبرداری کا اعلان کر رہے ہیں۔ فوٹو اے پی
رافیل نڈال پیرس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فرنچ اوپن سے دستبرداری کا اعلان کر رہے ہیں۔ فوٹو اے پی

پیرس: کلے کورٹ کے بادشاہ اور نو مرتبہ کے فرنچ اوپن چیمپیئن رافیل نڈال کلائی کی انجری کے سبب فرنچ اوپن سے باہر ہو گئے ہیں۔

کلائی پر نیلے رنگ کی پٹی لگائے ہوئے نڈال نے اپنی زندگی کی سب سے مشکل پریس کانفرنس میں تیسرے راؤنڈ کے میچ سے ایک دن قبل ٹورنامنٹ سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا۔

کیریئر میں 14 گرینڈ سلیم جیتنے کا اعزاز رکھنے والے نڈال نے کہا کہ اس انجری کے سبب وہ کسی اور ٹورنانٹ میں بھی شرکت کی کوشش نہیں کریں گے لیکن یہ ان کے لیے سال کا سب سے اہم ایونٹ تھا۔

کلائی میں درد کے سبب نڈال نے انجیکشن لگا کر دوسرے راؤنڈ کے میچ میں شرکت کی تھی جہاں انہوں نے اسٹریٹ سیٹ میں فتح اپنے نام کی تھی تاہم انہوں نے کہا کہ اس کے بعد ہر زگرتے وقت کے ساتھ درد بڑھتا گیا اور وہ اپنی کلائی کو زیادہ نہیں ہلا پا رہے۔

انہوں نے کہا کہ اب وہ پریکٹس کر سکیں گے اور نہ ہی ٹورنامنٹ میں مزید کھیل سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ نڈال سے قبل 17 مرتبہ کے گرینڈ سلیم چیمپیئن راجر فیڈرر نے بھی کمر کے درد کے سبب ایونٹ سے دستبرداری کا اعلان کردیا تھا۔

فرنچ اوپن کی تاریخ میں نڈال سب سے کامیاب کھلاڑی تصور کیے جاتے ہیں جہاں نو مرتبہ کے چیمپیئن کھلاڑی کو 74 میچوں میں صرف دو مرتبہ شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

رولینڈ گیرس پر انہوں نے 2005 سے 2008 تک لگاتار چار سال ٹرافی اپنے نام کی اور پھر ایک سال کے وقفے کے عبد 2010 سے 2014 تک لگاتار پانچ سال وہ فرنچ اوپن کے بے تاج بادشاہ رہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ میچ میں فتح کی بدولت نڈال نے فرنچ اوپن میں 200 فتوحات کا سنگ میل بھی عبور کر لیا تھا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں