امریکی صدارتی انتخاب: ہیلری کلنٹن نے تاریخ رقم کردی

27 جولائ 2016
ہیلری کلنٹن صدارتی امیدوار نامزد ہونے کے بعد وڈیو لنک کے ذریعے کنونشن سے خطاب کررہی ہیں—فوٹو / اے ایف پی
ہیلری کلنٹن صدارتی امیدوار نامزد ہونے کے بعد وڈیو لنک کے ذریعے کنونشن سے خطاب کررہی ہیں—فوٹو / اے ایف پی

فلاڈیلفیا: امریکی صدارتی انتخاب کے لیے ڈیموکریٹک پارٹی نے باضابطہ طور پر ہیلری کلنٹن کو اپنا امیدوار نامزد کردیا اور یوں ہیلری کلنٹن کسی بڑی امریکی سیاسی جماعت کی جانب سے نامزد ہونے والی پہلی خاتون امیدوار بن گئی ہیں۔

سابق وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن ڈیموکریٹک پارٹی کی تاریخ میں بھی پہلی خاتون صدارتی امیدوار ہیں اور اب 8 نومبر کو ہونے والے انتخاب میں ان کا مقابلہ ری پبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ سے ہوگا۔

فلاڈیلفیا میں ہونے والے ڈیموکریٹک پارٹی کے کنونشن میں ہیلری کلنٹن کو باضابطہ طور پر صدارتی امیدوار نامزد کیا گیا اور اگر وہ انتخاب جیت گئیں تو امریکا کی پہلی خاتون صدر بن کر نئی تاریخ رقم کردیں گی۔

صدارتی نامزدگی حاصل کرنے کے لیے ہیلری کلنٹن کو کم سے کم 2 ہزار 382 مندوبین کی حمایت درکار تھی جو انہوں نے باآسانی حاصل کرلی۔

نامزدگی حاصل کرنے کے بعد ہیلری کلنٹن نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں صرف لفظ 'تاریخ' لکھ کر اس کی تاریخی اہمیت کو اجاگر کیا۔

برنی سینڈرز کے حامیوں کا دھرنا

ہیلری کلنٹن کی نامزدگی کا حتمی اعلان ہونے کے بعد ورمونٹ کے سینیٹر اور ہیلری کلنٹن کے خلاف صدارتی نامزدگی کی مہم چلانے والے برنی سینڈرز کے حامیوں نے احتجاج کیا اور اٹھ کر ہال سے باہر چلے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی صدارتی انتخاب: ڈیموکریٹک کنونشن میں بدنظمی

سینڈرز کے حامیوں نے ہال کے باہر موجود میڈیا کے کیمپ میں بیٹھ کر دھرنا دیا جبکہ ہیلری کلنٹن کے حامی جشن مناتے رہے۔

اس موقع پر برنی سینڈرز نے اپنے حامیوں سے اپیل کی کہ وہ پر امن اور متحد رہیں۔

کنونشن کے پہلے روز بھی بدنظمی دیکھنے میں آئی تھی اور برنی سینڈرز اور ہیلری کلنٹن کے حامی ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی کررہے تھے۔

سابق امریکی صدر اور ہیلری کلنٹن کے شوہر بل کلنٹن کنونش سے خطاب کررہے ہیں—فوٹو/ اے ایف پی
سابق امریکی صدر اور ہیلری کلنٹن کے شوہر بل کلنٹن کنونش سے خطاب کررہے ہیں—فوٹو/ اے ایف پی

اب کنونشن سے امریکی صدر براک اوباما اور نائب صدر جو بائیڈن خطاب کریں گے، جوبائیڈن نے اپنے ایک بیان میں اس تاثر کو مسترد کیا کہ ہیلری کلنٹن کے نام پر پارٹی کے اندر اختلافات موجود ہیں۔

اس سے قبل کنونشن کے پہلے روز امریکی خاتون اول مشعل اوباما بھی ہیلری کلنٹن کی حمایت کا اعلان کرچکی ہیں۔

واضح رہے کہ ہیلری کلنٹن صدر اوباما کے دور میں وزیر خارجہ رہ چکی ہیں جبکہ ان کے شوہر بل کلنٹن 1993 سے 2001 تک دو مرتبہ امریکا کے صدر رہ چکے ہیں۔


تبصرے (0) بند ہیں