• KHI: Sunny 28.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 24.5°C
  • ISB: Partly Cloudy 22°C
  • KHI: Sunny 28.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 24.5°C
  • ISB: Partly Cloudy 22°C

ریو اولمپکس: سرینا ولیمز ٹائٹل کی دوڑ سے باہر

شائع August 10, 2016 اپ ڈیٹ August 10, 2016 09:59am
دفاعی چیمپیئن سرینا ولیمز ریو اولمپکس کے تیسرے راؤنڈ میں شکست سے دوچار ہوئیں—۔ فوٹو/ رائٹرز
دفاعی چیمپیئن سرینا ولیمز ریو اولمپکس کے تیسرے راؤنڈ میں شکست سے دوچار ہوئیں—۔ فوٹو/ رائٹرز

ریو ڈی جنیرو: دفاعی چیمپیئن سرینا ولیمز ریو اولمپکس میں خواتین کے سنگل مقابلوں کے تیسرے راؤنڈ میں ہی یوکرین کی ایلینا سیویٹولینا کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کھا کر ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہوگئیں۔

عالمی نمبر 20 ایلینا سیویٹولینا نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے امریکی ٹینس اسٹار سرینا ولیمز کو 4-6 اور 3-6 سے شکست سے دوچار کیا۔

خواتین کے سنگلز مقابلوں کے تیسرے راؤنڈ میں کھیلے جانے والے اس میچ میں عالمی نمبر ایک سرینا ولیمز نے 5 مرتبہ ڈبل فالٹ کیا جس سے ان کی مشکل میں اضافہ ہوا اور وہ شدید کوشش کرتی دکھائی دیں۔

واضح رہے کہ خواتین کے ڈبلز مقابلوں میں وینس ولیمز اور سرینا ولیمز کو چیک ری پبلک کی جوڑی لوسی سیفاروا اور باربورا اسٹریکووا کے ہاتھوں 3-6 اور 4-6 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

سرینا ولیمز کے خلاف کامیابی حاصل کرنے کے بعد ایلینا سیویٹولینا کا کہنا تھا کہ ‘مجھے واقعی یقین نہیں آرہا کہ میں نے عالمی نمبر ایک خاتون کھلاڑی سرینا کے خلاف فتح حاصل کرکے ریکارڈ بنایا ہے‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ انھیں سرینا کے خلاف کامیابی کی توقع نہیں تھی، انہوں نے کبھی سوچا ہی نہیں تھا کہ سرینا ولیمز دوسرے سیٹ میں غلطی کریں گی۔

اب ایلینا سیویٹولینا کا کوارٹر فائنل میں جمہوریہ چیک کی پیٹرا کوویٹووا سے مقابلہ ہوگا۔

34 سالہ سرینا ولیمز کے میگا ایونٹ سے باہر ہونے کے بعد سر فہرست 8 کھلاڑیوں میں سے صرف 2 ہی ان مقابلوں میں رہ گئی ہیں جن میں اینجلیق کربر اور میڈیسن کیز شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: نوواک جوکووچ ریو اولمپکس سے باہر ہوگئے

خیال رہے کہ مینز سنگلز مقابلوں میں عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ بھی ریواولمپکس کے ٹینس ایونٹ سے باہر ہوچکے ہیں، ارجنٹینا کے جوان مارٹن ڈیل پورٹرو نے اولمپکس کے افتتاحی راؤنڈ میں سربین کھلاڑی نوواک جوکووچ کے خلاف کامیابی حاصل کی تھی۔

مردوں کے ٹینس مقابلے

عالمی نمبر دو اینڈی مرے نے مردوں کے انفرادی مقابلوں کے دوسرے مرحلے کے میچ میں ارجنٹائن کے یوآن مناکو کو ہرا کر کامیابی حاصل کی۔

برطانوی کھلاڑی اینڈی مرے کا یوآن مناکو کے خلاف جیت کا اسکور 3-6 اور1-6 رہا۔

اس سے قبل لندن اولمپکس 2012 کے دفاعی چیمپیئن اینڈی مرے نے سربیا کے وکٹر ٹروئیوکی کو 3-6 اور 2-6 سے باآسانی ہرایا تھا۔

عالمی نمبر 3 رافیل نڈال کا ریو اولمپکس کے ٹینس ایونٹ میں تیسرے راؤنڈ میں کامیابی کے بعد فاتحانہ انداز—۔فوٹو/ رائٹرز
عالمی نمبر 3 رافیل نڈال کا ریو اولمپکس کے ٹینس ایونٹ میں تیسرے راؤنڈ میں کامیابی کے بعد فاتحانہ انداز—۔فوٹو/ رائٹرز

اُدھر عالمی نمبر تین رافیل نڈال نے عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ریو اولمپکس کے تیسرے راؤنڈ میں پہنچنے کا پروانہ حاصل کرلیا۔

ہسپانوی کھلاڑی نڈال نے مینز سنگلز کے دوسرے راؤنڈ میں اٹلی کے اینڈریاس سیپی کے خلاف 3-6 اور 3-6 سے فتح اپنے نام کی۔

انجری کے باعث 2 ماہ بعد مقابلوں میں واپسی کرنے والے نڈال نے ابتدائی مچ میں ارجنٹائن کے فیڈریوکو ڈیلبونس کو ہرا کر میگا ایونٹ میں شاندار آغاز کیا۔

خیال رہے کہ رافیل نڈال مینز ڈبلز کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرچکے ہیں، نڈال اور ان کے ہم وطن کھلاڑی مارکو نے مینز ڈبلز کے کوارٹر فائنل میں آسٹریا کی جوڑی اولیور مارچ اور الیگزینڈر پایا کو شکست سے دوچار کیا۔

رافیل نڈال کو بیجنگ اولمپکس 2008 میں چمپیئن بننے کا اعزاز حاصل ہے۔

کارٹون

کارٹون : 2 اپریل 2026
کارٹون : 1 اپریل 2026