بولی وڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان اپنی فلموں سے تو مداحوں کو محظوظ کرتے ہی ہیں، لیکن اب ان کا آفیشل گیم بھی لانچ کردیا گیا ہے، جس کا ایک پرومو اداکار نے مداحوں سے شیئر کیا۔

’بینگ سلمان‘ (Being Salman) نامی اس گیم کو متعارف کروانے کے لیے اداکار نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر 30 سیکنڈز کی ایک ویڈیو شیئر کی۔

50 سالہ اداکار نے اس گیم میں اپنی کامیاب فلموں کے تین اہم کردار شامل کیے ہیں جو سپر ہیروز کی طرح دنیا سے برائی کا خاتمہ کرتے نظر آئیں گے۔

اس گیم میں ’چل بل پانڈے‘، ’ٹائیگر‘ اور ’پریم‘ نامی تین پیروز پیش کیے گئے ہیں۔

سلمان خان نے ویڈیو میں بتایا کہ ’چل بل پانڈے‘ کا مقصد دنیا سے نا انصافی کو ختم کرنا ہے، ’ٹائیگر‘ کا مقصد دنیا سے دہشت گردی ختم کرنا اور ’پریم‘ کا مقصد دنیا سے برائی کو صاف کرنا ہے۔

واضح رہے کہ سلمان خان نے ’چل بل پانڈے‘ کا کردار اپنی کامیاب فلم ’دبنگ‘ میں کیا تھا، جبکہ ’ٹائیگر‘ کا کردار ان کی فلم ’ایک تھا ٹائیگر‘ سے لیا گیا ہے۔

سلمان خان نے اس سے قبل اپنی کئی فلموں میں ’پریم‘ نامی کردار ادا کیا ہے تاہم اس گیم میں لیا گیا پریم نامی ہیرو ان کی فلم ’ریڈی‘ سے متاثر لگتا ہے۔

یہ گیم اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔

تبصرے (0) بند ہیں