ارکان اسمبلی قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر برہم

اپ ڈیٹ 30 اگست 2016
ارکان اسمبلی نے پی سی بی حکام کے تواتر سے غیر ملکی دوروں پر بھی تحفظات کا اظہار کیا۔ فوٹو اے ایف پی
ارکان اسمبلی نے پی سی بی حکام کے تواتر سے غیر ملکی دوروں پر بھی تحفظات کا اظہار کیا۔ فوٹو اے ایف پی

اسلام آباد: وفاقی وزیر اور قومی اسمبلی کی کے رکن ریاض حسین پیرازادہ نے کمیٹی کے اجلاس میں انگلینڈ میں موجود قومی ٹیم کی ناقص بیٹنگ کارکردگی کو شدید تنقید کا نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ سرکاری اسپورٹس ٹی وی پر بھی ناراضی کا اظہار کیا۔

رکن قومی اسمبلی عبدالقاہر خان کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے دوران ریاض پیرزادہ نے قومی ٹیم کی انگلینڈ کے خلاف جاری ایک روزہ سیریز میں ناقص بیٹنگ کارکردگی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر صفر پر ہی آؤٹ ہونا ہے تو میں بھی قومی ٹیم کی نمائندگی کا خواہش مند ہوں اور مجھے بھی قومی ٹیم میں ایک موقع ضرور ملنا چاہیے۔

اس دوران رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان پی ٹی وی اسپورٹس پر غیر ملکی ماہرین اور سابق پاکستانی کرکٹرز کی جانب سے انگریزی میں ٹاک شو کرنے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انگریزی زبان پاکستانی شائقین کی اکثریت نہیں سمجھ پاتی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی ان غیر ملکی ماہرین کو بھاری رقم کیوں دے رہا ہے جب اکثر پاکستانی یہ سمجھ ہی نہیں پاتے کہ وہ کیا کہہ رہے ہیں۔

قائمہ کمیٹی نے پی سی بی کے مارکیٹنگ ڈائریکٹر اور جنرل منیجر انٹرنیشنل کرکٹ کی جانب سے ڈگری جمع نہ کرائے جانے کے باوجود انہیں انہیں عہدہ سونپنے پر بھی پی سی بی سے جواب طلب کیا۔

پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر نے تصدیق کی کہ دونوں آفیشلز اپنی ڈگریاں جمع کرانے میں ناکام رہے اور بتایا کہ یہ عہدے گریجیویٹ ڈگری کے حامل افراد کو دی جانی تھی۔

قائمہ کمیٹی کے ارکان نے سوال کیا کہ آخر ان دونوں حکام کو ڈگری جمع کرانے کے لیے چھ ماہ کا طویل عرصہ کیوں فراہم کیا گیا۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ جون کے پہلے ہفتے میں منعقدہ پی سی بی کے بورڈآف گورنرز کی میٹنگ میں دونوں آفیشلز کو مبینہ طور پر چھ ماہ کے اندر ڈگری جمع کرنے کا وقت دیا گیا تھا تاہم اس پر تاحال عمل درآمد ہونا باقی ہے۔

اس سے قبل کمیٹی نے اجلاس میں چیئرمین پی سی بی شہریار خان کی عدم موجودگی اور پی سی بی حکام کے تواتر کے ساتھ غیر ملکی دوروں پر برہمی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر سبحان احمد نے انکشاف کیا کہ شہریار خان اور پی سی بی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لیے برطانیہ میں موجود ہیں جس پر انہیں ہدایت کی گئی کہ کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں آئی سی سی میٹنگ کی تفصیلات اور پی سی بی حکام اور اہل خانہ کے غیر ملکی دوروں اور قیام پر آنے والے اخراجات کی تفصیلات بھی جمع کرائیں۔

تبصرے (0) بند ہیں