سلمان خان، کرن جوہر کی مدد کیلئے میدان میں

28 ستمبر 2016
سلمان خان اور کرن جوہر ایک ڈانس شو میں شریک ہیں — فوٹو/ فائل
سلمان خان اور کرن جوہر ایک ڈانس شو میں شریک ہیں — فوٹو/ فائل

ممبئی: بولی وڈ ہدایت کار اور پروڈیوسر کرن جوہر کو ہندوستان کی قوم پرست جماعت مہاراشٹرا نونرمن سنہا (ایم این ایس) کی جانب سے دھمکیاں موصول ہونے کے بعد ان کی آنے والی فلم ’اے دل ہے مشکل‘ کی ریلیز میں بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے تاہم بولی وڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان ان کی مدد کے لیے میدان میں آچکے ہیں۔

واضح رہے کہ مہاراشٹرا نونرمن سنہا (ایم این ایس) نے پاکستانی اداکاروں کو ہندوستان چھوڑنے کی دھمکی دی تھی جس کے بعد انہوں نے کرن جوہر کے گھر کے باہر بھی دھرنا دیا، جس کی وجہ ان کی فلم ’اے دل ہے مشکل‘ ہے۔

فلم ’اے دل ہے مشکل‘ میں کرن جوہر نے پاکستان کے کامیاب اداکار فواد خان کو کاسٹ کیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ کرن جوہر کو دھمکیاں موصول ہورہی ہیں۔

مزید پڑھیں: فواد خان سے متعلق ہندوستانی میڈیا کی بے بنیاد رپورٹ

قوم پرست جماعت نے کرن جوہر کو دھمکی دی ہے کہ اگر وہ فلم میں سے فواد خان کے سین نہیں ہٹائیں گے تو وہ اس فلم کو ہندوستان میں ریلیز نہیں ہونے دیں گے۔

گزشتہ روز کرن جوہر کے ممبئی میں موجود دفتر کے باہر سے پولیس نے مہاراشٹرا نونرمن سنہا (ایم این ایس) کے 100 کارکنوں کو گرفتار کیا تھا۔

ان سب واقعات کے بعد سلمان خان، کرن جوہر کی مدد کے لیے میدان میں آگئے۔

بولی وڈ لائف کی ایک رپورٹ کے مطابق سلمان خان نے مہاراشٹرا نونرمن سنہا (ایم این ایس) کے صدر راج ٹھاکرے کو فون کرکے دھرنا ختم کرنے کی گزارش کی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانیوں پر پابندی کوئی حل نہیں، کرن جوہر

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ سلمان خان نے فلم ’اے دل ہے مشکل‘ کے علاوہ شاہ رخ خان کی اگلے سال ریلیز ہونے والی فلم ’رئیس‘ کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ ان فلموں کو ہندوستان میں ریلیز ہونے دیا جائے۔

کرن جوہر کی فلم ’اے دل ہے مشکل‘ رواں سال 28 اکتوبر کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی جس میں رنبیر کپور، ایشوریا رائے بچن، انوشکا شرما اور فواد خان موجود ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں