کراچی: سندھ اسمبلی میں آرمز ترمیمی بل 2016 متفقہ طور پر منظورکرلیا گیا، جو فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما نثار کھوڑو نے 'سندھ آرمز ترمیمی بل برائے 2016' پیش کیا۔

بل کی منظوری کے بعد اسلحہ ڈیلر ہتھیار فروخت کرنے سے پہلے نادرا سے تصدیق شدہ انگوٹھے کا نشان لے گا۔

بل کے مطابق قومی شناختی کارڈ کے بغیر اسلحہ فروخت نہیں ہوسکے گا۔

اسلحے کے کسی جرم میں استعمال ہونے پر مجرموں کا پتہ لگانے کے لیے بل کے تحت اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ اسلحے کی فروخت کے فوری بعد ہتھیار سے 2 آزمائشی فائر کرکے گولی کے خول جمع کیے جائیں اور ان خول کا ریکارڈ فرانزک لیب میں جمع کرایا جائے۔

فرانزک لیب کے قیام کا مقصد ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کے مقدمات کی بہتر تفتیش میں مدد فراہم کرنا ہے۔

علاوہ ازیں اسلحہ فروخت کنندہ اور خریدار کی تمام دستاویزات بھی حکام کے پاس جمع کرانی ہوں گی۔

یاد رہے کہ رواں ماہ وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا تھا کہ صوبے میں 540,000 ہتھیاروں کے لائسنس کی ان کے مالکان کی جانب سے تصدیق نہیں کروائی گئی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں