کاندھوں کی سیاست ختم کرنے کیلئے سیاستدانوں کو مل بیٹھنا ہوگا، رانا ثنااللہ

اپ ڈیٹ 26 اپريل 2024
مسلم لیگ(ن) کے رہنما رانا ثنااللہ— فوٹو: ڈان نیوز
مسلم لیگ(ن) کے رہنما رانا ثنااللہ— فوٹو: ڈان نیوز

مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ 2024 میں بھی ویسے ہی الیکشن ہوئے ہیں جیسے پاکستان میں ہوتے آئے ہیں، 2018 میں پی ٹی آئی کاندھوں پر بیٹھ کر آئی تو کوئی اعتراض نہیں تھا، کاندھوں کی سیاست ختم کرنے کے لیے تمام سیاستدانوں کو مل بیٹھنا ہوگا۔

ڈان نیوز کے پروگرام لائیو ود عادل شاہ زیب میں گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر راناثنااللہ نے کہا کہ 2018 میں پی ٹی آئی کاندھوں پر بیٹھ کر آئی تو کوئی اعتراض نہیں تھا، اب 2024 میں مسلم لیگ(ن) آگئی ہے۔

انتخابات کی شفافیت سے متعلق پوچھے جانے والے ایک سوال کے جواب میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ پاکستان میں ہر الیکشن ایسے ہی ہوتے ہیں، 2024 میں بھی ویسے ہی الیکشن ہوئے ہیں جیسے پاکستان میں ہوتے آئے ہیں۔

سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ سیاست میں مذاکرات سے کوئی انکار نہیں کرسکتا لیکن پی ٹی آئی کسی بھی سیاسی جماعت سے بات کرنے کو تیار نہیں ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کاندھوں کی سیاست ختم کرنے کے لیے تمام سیاستدانوں کو مل بیٹھنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ایک سیاسی جماعت ہے جس میں ہر ایک کی اپنی سوچ ہے، جو چاہے وہ بات کرسکتا ہے۔

الیکشن میں دھاندلی کے حوالے سے جاوید لطیف کے الزامات پر رانا ثنااللہ نے کہا کہ جاوید لطیف کو سیٹوں کی فروخت کے حوالے سے غلط فہمی ہوئی ہے، ان کے پاس کوئی ثبوت ہے تو آئیں، عدالت چلتے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں