ابوظہبی ٹیسٹ: پاکستان کی پوزیشن مستحکم

اپ ڈیٹ 23 اکتوبر 2016
دوسری اننگز میں اظہرعلی اور سمیع اسلم نے 93 رنز کا آغاز فراہم کیا—فوٹو: اے ایف پی
دوسری اننگز میں اظہرعلی اور سمیع اسلم نے 93 رنز کا آغاز فراہم کیا—فوٹو: اے ایف پی

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو ابوظہبی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 224 رنز پر آؤٹ کرنے کے بعد ایک وکٹ پر 114 رنز بنا کر مہمان ٹیم کے خلاف342 رنز کی مجموعی برتری حاصل کرلی۔

ابوظہبی میں جاری سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں پاکستان نے اظہرعلی اور سمیع اسلم کی ذمہ دارانہ بلے بازی کی بدولت 93 رنز بنا ئے تاہم سمیع اسلم سیریز میں اپنی دوسری نصف سنچری مکمل کرنے کے فوری بعد شینن گیبرئیل کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ ہوئے۔

اظہرعلی نے اسد شفیق کے ساتھ 21 رنز کی شراکت قائم کی اور اپنی نصف سنچری مکمل کی۔

پاکستان نے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر ایک وکٹ کے نقصان پر 114 رنز بنائے تھے اور مخالف ٹیم پر 342 رنز کی برتری حاصل کرلی۔

اظہرعلی 52 اور اسد شفیق 5 رنز بنا کر کھیل رہے تھے۔

قبل ازیں دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز پاکستان کی پہلی اننگز کے اسکور 452 کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 224رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

لیگ اسپنر یاسر شاہ نے ڈیرن براوو کی اہم وکٹ حاصل کی—فوٹو / اے ایف پی
لیگ اسپنر یاسر شاہ نے ڈیرن براوو کی اہم وکٹ حاصل کی—فوٹو / اے ایف پی

ویسٹ انڈیز نے تیسرے روز اپنی پہلی نامکمل اننگز 106 رنز چار کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی تو دویندرا بشو اور جرمین بلیک ووڈ صفر پر کھیل رہے تھے تاہم وہ اپنی ٹیم کی پوزیشن بہتربنانے میں ناکام ہوئے۔

بلیک ووڈ 8 رنز بنا کر راحت علی کی گیند پر وکٹ کیپر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جس کے بعد دویندرا بشو 20 رنز بنا کر سہیل خان کا شکار بن گئے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے لیون جانسن 12، ڈیرن براوو 43، کریک براتھ ویٹ 21، مارلن سیموئلز 30 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

تیسرے روز کھانے کے وقفے تک ویسٹ انڈیز نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنائے جبکہ اسے 301 رنز کا خسارہ تھا تاہم وقفے کے بعد کپتان جیسن ہولڈر نے آؤٹ ہوئے بغیر 31 رنز بنا کر مزاحمت کی کوشش کی مگر دوسری جانب سے ان کا ساتھ دینے کے لیے کوئی موجود نہیں تھا۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے آخری آؤٹ ہونے والے بلے باز شینن گیبرئیل تھے جو 13 رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر پویلین لوٹے۔

پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ راحت علی نے اپنی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور سہیل خان کے حصے میں 2 وکٹیں آئیں۔

اس سے قبل کھیل کے دوسرے روز پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 452 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے دن پاکستان نے 304 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ سے پہلی اننگز دوبارہ شروع کی تو پاکستانی ٹیم کو ابتدا میں ہی دو نقصانات اٹھانے پڑے جب مصباح الحق نروس نائنٹیز کا شکار ہو کر 96 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

مصباح الحق کے بعد یاسر شاہ بھی 23 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، انہیں جیسن ہولڈر نے آؤٹ کیا۔

سرفراز نے روایتی انداز میں برق رفتاری سے بیٹنگ کی اور کھانے کے وقفے تک 45 رنز بنا کر پاکستان کو 400 کے مجموعے تک رسائی دلائی۔

کھانے کے وقفے کے بعد سرفراز احمد نے اپنی نصف سنچری مکمل کی لیکن 56 کے اسکور پر شینن گیبریئل کی تیز رفتار گیند نے ان کی وکٹیں بکھیر دیں۔

محمد نواز نے 25 رنز بنا کر مزاحمت کی لیکن جیسن ہولڈر نے انہیں آؤٹ کر کے پاکستان کو آٹھواں نقصان پہنچایا۔

سہیل خان نے تیزی سے 26 رنز بنائے لیکن ایک غلط گیند کو پل کرنے کی کوشش میں ہولڈر کو وکٹ دے بیٹھے۔

گیبریئل نے ذوالفقار بابر کو آؤٹ کر کے 452 رنز پر پاکستان کی بساط لپیٹنے کے ساتھ ساتھ اننگز میں پانچ وکٹیں لینے کا اعزاز بھی حاصل کر لیا۔

اس سے قبل ابوظہبی ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستان نے یونس خان، مصباح الحق اور اسد شفیق کی ذمے دارانہ بیٹنگ کی بدولت چار وکٹوں کے نقصان پر 304 رنز بنائے تھے۔

یونس خان نے تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے سنچری اسکور کی جبکہ مصباح اور اسد شفیق نے نصف سنچریاں بنائیں۔

پاکستان کو سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 30 اکتوبر سے شارجہ میں کھیلا جائے گا۔

قبل ازیں پاکستان نے تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں ویسٹ انڈیز کو وائٹ واش کیا تھا۔


تبصرے (0) بند ہیں