’رئیس‘ اور ’ڈیئر زندگی‘ کیلئے گرین سگنل

24 اکتوبر 2016
علی ظفر نے شاہ رخ کی فلم 'ڈیئر زندگی' اور ماہرہ خان نے فلم 'رئیس' میں کام کیا ہے—۔
علی ظفر نے شاہ رخ کی فلم 'ڈیئر زندگی' اور ماہرہ خان نے فلم 'رئیس' میں کام کیا ہے—۔

بولی وڈ اداکار شاہ رخ خان کی فلمیں ’ڈیئر زندگی‘ اور ’رئیس‘ اب بغیر کسی تنازع کے ہندوستان میں ریلیز کی جاسکیں گی۔

انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق شاہ رخ خان اور پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کی فلم ’رئیس‘ اور علی ظفر کے ساتھ ان کی فلم ’ڈیئر زندگی‘ پر ہندوستان کی قوم پرست جماعت مہاراشٹرا نونرمن سنہا (ایم این ایس) نے پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

جبکہ کرن جوہر کی فلم 'اے دل ہے مشکل' پر بھی پابندی کا مطالبہ کیا گیا تھا، جس میں فواد خان نے ایک مختصر کردار ادا کیا تھا۔

مزید پڑھیں: ’اے دل ہے مشکل‘ کی ریلیز، انتہا پسند تنظیم کی مشروط اجازت

بعد ازاں پروڈیوسر کرن جوہر نے مکیش بھٹ کے ہمراہ مہاراشٹرا کے وزیراعلیٰ دیویندر فڈناوز اور ایم این ایس کے چیف راج ٹھاکرے سے ملاقات کی جس کے دوران اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ اڑی حملے سے قبل شوٹ کی جانے والی تمام فلموں کو ہندوستان میں ریلیز کیا جائے گا اور انتہا پسند تنظیم ان کے خلاف احتجاج نہیں کرے گی۔

ایم این ایس چترا پت سنہا کی جنرل سیکریٹری شالینی ٹھاکرے کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ’ہمیشہ یہی کہا گیا کہ ان فلموں کا آغاز اڑی حملے سے پہلے ہوا تھا، اس لیے اب یہ بات اچھی طرح سامنے آگئی ہے، لہذا ’اے دل ہے مشکل‘، ’رئیس‘ اور ’ڈیئر زندگی‘ کے علاوہ ہندوستان میں کوئی اور ایسی فلم ریلیز نہیں ہوگی جن میں پاکستانی فنکار شامل ہوں‘۔

یہ بھی پڑھیں: ’اے دل ہے مشکل‘ کی ہندوستان میں باحفاظت ریلیز کا وعدہ

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ، ایم این ایس اور پروڈیوسرز نے مل کر اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ اب پاکستانی فنکاروں کے ساتھ مزید فلمیں نہیں بنائی جائیں گی۔

اس اجلاس میں اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا کہ جن پروڈیوسرز نے پاکستانی فنکاروں کے ساتھ فلموں میں کام کیا ہے انہیں فوجی اہلکاروں کی بہبود کے لیے 5 کروڑ روپے جمع کروانے پڑیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں