بولی وڈ ہدایت کار کرن جوہر کی حال ہی میں اپنی فلم ’اے دل ہے مشکل‘ کی ریلیز کے حوالے سے جاری کردہ ایک ویڈیو کا ہندوستان کی انتہا پسند نتظیموں پر بھلے کوئی اثر نہ ہوا ہو تاہم ہندوستان کے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ ان کے حق میں سامنے آگئے ہیں۔

وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے ’اے دل ہے مکشل‘ کی دیوالی پر باحفاظت ریلیز کا وعدہ کیا ہے۔

انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق حال ہی میں ہندوستانی ریاست مہاراشٹرا کی قوم پرست جماعت مہاراشٹرا نونرمن سنہا (ایم این ایس) نے ’اے دل ہے مشکل‘ کی ریلیز نہ ہونے کی دھمکی دی تھی تاہم اب خبریں ہیں کہ دیوالی پر ریلیز ہونے والی تمام فلموں کو 100 فیصد سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

رپورٹس کے مطابق فلم اینڈ ٹیلی ویژن پروڈیوسرز گلڈ کے صدر مکیش بھٹ نے راج ناتھ سنگھ سے ’اے دل ہے مشکل‘ کی ریلیز کے حوالے سے ملاقات کی، ہدایت کار کرن جوہر کو بھی اس میٹنگ میں شامل ہونا تھا تاہم اپنی فلم کی پروڈکشن کے باعث وہ اس کا حصہ نہیں بن سکے۔

اس میٹنگ کے بعد مکیش بھٹ کا کہنا تھا کہ ’ہم انٹرٹینرز ہیں، ہم فنکاروں کے ساتھ کام کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں پھر چاہے ان کا تعلق پاکستان سے ہو، چین سے یا افریقہ سے‘۔

مزید پڑھیں: ہندو انتہا پسند اب بھی کرن جوہر کے خلاف

مکیش بھٹ نے ممبئی پولیس سے بھی اس حوالے سے ملاقات کی جہاں انہوں نے سینما گھروں کی سیکیورٹی پر بات چیت کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ہم دیوالی منانا چاہتے ہیں، ہم اس دیوالی پر اچھی فلمیں دیکھنا چاہتے ہیں، مجھے امید ہے کہ حکومت میرا ساتھ دے گی اور ان لوگوں کو روکے گی جو بغیر کسی وجہ کےتشدد کررہے ہیں‘۔

مکیش کے مطابق ’ہندوستان ایک آزاد ملک ہے، کسی کو زبردستی کوئی کام کرنے سے نہیں روکا جاسکتا ہے‘۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق اس سے قبل ایم این ایس جماعت کے 12 کارکنوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے جو فلم ’اے دل ہے مشکل‘ کی نمائش کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔

واضح رہے کہ فلم ’اے دل ہے مشکل‘ 28 اکتوبر کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں