456 رنز کے تعاقب میں چار ویسٹ انڈین کھلاڑی آؤٹ

اپ ڈیٹ 24 اکتوبر 2016
ویسٹ انڈین بلے باز لیون جانسن کے باؤلڈ ہونے کا منظر۔ فوٹو اے ایف پی
ویسٹ انڈین بلے باز لیون جانسن کے باؤلڈ ہونے کا منظر۔ فوٹو اے ایف پی

ابوظہبی: پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈین ٹیم 456 رنز کے ہدف کے تعاقب میں چار وکٹیں گنوا کر مشکلات سے دوچار ہے جہاں مہمان ٹیم کو میچ میں فتح کیلئے مزید 285 رنز درکار ہیں۔

میچ کے چوتھے دن ویسٹ انڈیز نے 456 رنز کا تعاقب شروع کیا تو ویسٹ انڈین اوپنرز ایک بار پھر مثبت آغاز کا فائدہ نہ اٹھا سکے اور 28 کے مجموعے پر یاسر شاہ نے لیون جانسن کی وکٹیں بکھیر دیں۔

ڈیرن براوو اس مرتبہ لمبی اننگز نہ کھیل سکے اور 13 رنز بنانے کے بعد راحت علی گیند پر غیر ضروری شاٹ کھیلنے کی پاداش میں پویلین لوٹے۔

مارلن سیمیولز نے کریگ بریتھ ویٹ کے ساتھ تیسری وکٹ کیلئے 49 رنز کی ساجھے داری قائم کی لیکن اس سے قبل کہ یہ شراکت خطرناک ثابت ہوتی، یاسر نے سیمیولز کو اپنی ہی گیند پر کیچ کر کے ویسٹ انڈیز کو تیسرا نقصان پہنچایا۔

پاکستان کو چوتھی اور اہم کامیابی اس وقت ملی جب 67 رنز بنانے والے بریتھ ویٹ ایل بی ڈبلیو قرار پائے، فیلڈ امپائر نے بلے باز کے حق میں فیصلہ دیا لیکن قسمت کی دیوی پاکستان پر مہربان تھی اور تھرڈ امپائر سے رجوع کرنے پر ویسٹ انڈین اوپنر آؤٹ قرار پائے۔

124 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے بعد جیمز بلیک وُڈ اور روسٹن چیز وکٹ پر یکجا ہوئے اور دھیرے دھیرے اسکور کو آگے بڑھاتے ہوئے چوتھے دن کے اختتام تک مزید کوئی اور وکٹ نہ گرنے دی۔

جب چوتھے دن کا کھیل ختم ہوا تو ویسٹ انڈیز نے چار وکٹ کے نقصان پر 171 رنز بنائے تھے، بلیک وُڈ 41 اور چیز 17 رنز پر کھیل رہے ہیں۔

پاکستانی بلے باز اظہر علی نصف سنچری کی تکمیل پر داد کا جواب دیتے ہوئے۔ فوٹو اے ایف پی
پاکستانی بلے باز اظہر علی نصف سنچری کی تکمیل پر داد کا جواب دیتے ہوئے۔ فوٹو اے ایف پی

میچ کے آخری دن پاکستان کو فتح کیلئے چھ وکٹیں جبکہ ویسٹ انڈیز کو 285 رنز درکار ہیں۔

اس سے قبل پاکستان نے اپنی دوسری اننگز 227 رنز دو کھلاڑی آؤٹ پر پر ڈکلیئر کر کے ویسٹ انڈیز کو فتح کیلئے 456 رنز کا ہدف دیا۔

میچ کے چوتھے دن پاکستان نے 114 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ سے اپنی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو اسد شفیق اور اظہر علی وکٹ پر موجود تھے۔

دونوں کھلاڑیوں نے عمدہ بیٹنگ کے سلسلے کو برقرار رکھتے ہوئے دوسری وکٹ کیلئے 71 رنز کی شراکت قائم کی تاہم اظہر نے سنچری کا نادر موقع ضائع کیا اور 79 رنز بنانے کے بعد میگوئل کمنز کو وکٹ دے بیٹھے۔

اسد شفیق کی عمدہ فارم کا سلسلہ جاری رہا اور انہوں نے ایک اور نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کو ڈبل سنچری مکمل کرائی۔

یونس خان اور اسد شفیق نے تیسری وکٹ کیلئے 64 رنز جوڑ کر اسکور کو 227 رنز تک پہنچایا ہی تھا کہ کھانے کے وقفے کے ساتھ ہی مصباح الحق نے اننگز ڈکلیئر کرنے کا اعلان کردیا، اسد 58 اور یونس 29 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

پاکستان نے پہلی اننگز کی برتری کی بدولت ویسٹ انڈیز کو جیت کیلئے 448 رنز کا ریکارڈ ہدف دیا۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم پہلی اننگز میں 224 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی اور پاکستان نے 228 رنز کی برتری حاصل کی تھی۔

یاد رہے کہ پاکستان نے پہلے ٹیسٹ میچ میں کامیابی حاصل کر کے سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں