لال مسجد کے میڈیا معاملات کی نگرانی کرنے والی شہدا فاؤنڈیشن نے پاکستان تحریک انصاف کے دو نومبر کے احتجاج کی حمایت کا عندیہ دیا ہے۔

شہدا فاؤنڈیشن کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق عمران خان کے احتجاج میں شرکت کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے شہداء فاؤنڈیشن کی مرکزی شوریٰ کا اہم اجلاس آئندہ چند روز میں منعقد ہوگا۔

مزید پڑھیں: جب کپتان نے شیخ رشید کو تنہا چھوڑ دیا

ترجمان شہداء فاؤنڈیشن حافظ احتشام احمد نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ملک دشمنی میں انتہا کو پہنچ چکی ہے اور قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف سازش کر کے ملکی سالمیت کے لئے بھی خطرہ بن چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان حالات میں نواز شریف حکومت سے جان چھڑانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے شہدا فاؤنڈیشن پاکستان تحریک انصاف کے دھرنے کی مشروط حمایت کرنے پر غور کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف فوج کو تنہا کررہے ہیں: عمران خان

احتشام احمد نے کہا کہ اگر شہداء فاؤنڈیشن کی مرکزی شوریٰ نے تحریک انصاف کے دھرنے کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا تو اسلام آباد میں ہمارے ہزاروں کارکن تحریک انصاف کے دھرنے کا حصہ بنیں گے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے عمران خان نے حکومت کو پاناما لیکس کی تحقیقات کے حوالے سے ماہ محرم میں عاشورہ تک کا وقت دیا تھا جس کے بعد انھوں نے 2 نومبر کو اسلام آباد بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں