سینئر سیاست دان جاوید ہاشمی نے دھرنوں کی سیاست کو پاکستان کے لیے نقصان د ہ اور غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان غیرملکی قوتوں کے کنٹرول میں ہیں۔

جاوید ہاشمی نے ملتان میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 'عمران خان کا ایجنڈا وزیراعظم کو غیرآئینی طریقے سے بے دخل کرنا ہے'۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 'عمران خان پناما کے حوالے سے سپریم کورٹ کے احکامات ماننے کے اپنے بیانات سے منحرف ہورہے ہیں'۔

پی ٹی آئی کے سابق رکن قومی اسمبلی نے دعویٰ کیا کہ 'پارٹی غیرملکی طاقتوں کے اشاروں پر چلتی ہے'۔

جاوید ہاشمی نے کہا کہ سازشیں پاکستان کی ترقی اور سی پیک کے خلاف ہورہی ہیں اور'عمران خان کو خود بھی نہیں معلوم کہ وہ کس کے کہنے پر سی پیک کو نقصان پہنچارہے ہیں'۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے سابق صدر نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی کے اسلام آباد میں 126 روزہ دھرنے کے پیچھے آئی ایس آئی کے سابق کے سربراہ جنرل شجاع پاشا تھے۔

جاوید ہاشمی نے 2014 میں دعویٰ کیا تھا کہ کارکنوں کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ وزیراعظم نواز شریف کو ان کی سرکاری رہائش گاہ سے بے دخل کیا جائے جبکہ طاہرالقادری کے کارکنوں کو پی ٹی آئی کی مدد سے پالیمنٹ میں توڑ پھوڑ کرنے کو کہا گیا تھا۔

انھوں نے دعویٰ کیا تھا کہ عمران خان دھرنے کے دوران سابق جنرل کیانی اور جنرل شجاع پاشا سے مسلسل رابطے میں تھے۔

جاوید ہاشمی کو ستمبر 2014 میں عمران خان پر الزامات عائد کرنے پر پارٹی سے معطل کردیا گیا تھا جبکہ انھوں نے پی ٹی آئی کی صدارت اور بعد میں بنیادی رکنیت سے بھی استعفیٰ دے دیا تھا۔

استعفیٰ دیتے ہوئے انھوں نے کہا تھا کہ وہ ایک ایسی جماعت کی رکنیت جاری نہیں رکھ سکتے جو پاکستان کی جمہوریت کو لپیٹنے کی سازش کررہی ہو۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں