جنوبی افریقہ کی سری لنکا کو پہلے ٹیسٹ میں شکست

30 دسمبر 2016
جنوبی افریقہ کے باؤلرز نے آخری روز سری لنکا کی ٹیم کو281 رنز پر سمیٹ لیا—فوٹو: اے ایف پی
جنوبی افریقہ کے باؤلرز نے آخری روز سری لنکا کی ٹیم کو281 رنز پر سمیٹ لیا—فوٹو: اے ایف پی

جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو تین میچوں کی ٹیسٹ سیریزکے پہلے میچ میں 206 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔

پورٹ ایلزبیتھ میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے آخری روز سری لنکا کی ٹیم 488 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے281 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔

سری لنکا نے میچ کے آخری روز جب کھیل کا آغاز کیا تو ان کا اسکور 5 وکٹوں پر 240 رنز تھا اور کپتان میتھیوز اور دھنانجیا ڈی سلوا کی وکٹ میں موجودگی کو دیکھتے ہوئے ایک سنسنی خیز مقابلے کی توقع کی جارہی تھی۔

میتھیوز گزشتہ اسکور میں صرف 6 رنز کے اضافے کے ساتھ انفرادی طورپر 59 رنز بنا کر کائل ایبٹ کا نشانہ بن کر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد سری لنکن بلے باز ریت کی دیوار ثابت ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: پہلا ٹیسٹ:جنوبی افریقہ کی سری لنکا پر واضح برتری

ڈی سلوا 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو سری لنکا کا اسکور 258 رنز تھا جبکہ رنگنا ہیراتھ صفر اور نووان پرادیپ 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو سری لنکا کی پوری ٹیم 281 رنز پر پویلین لوٹ چکی تھی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے کگیسو رابادا اور مہاراج نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں، دو وکٹیں کائل ایبٹ اور ایک وکٹ ورنن فلینڈر کے حصے میں آئی۔

اسٹیفن کک کو دونوں اننگز میں ذمہ دارانہ بلے بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

قبل ازیں جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز میں 286 رنز بنائے تھے جبکہ دوسری اننگز کو 6 وکٹوں پر 406 رنز بنا کر 488 رنز کی برتری حاصل کرکے ڈیکلیئر کردی تھی۔

واضح رہے کہ سری لنکا کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 205 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی۔

جنوبی افریقہ اور سری لنکا کےدرمیان سیریز کا دوسرا میچ 2 جنوری کو کیپ ٹاؤن میں شروع ہوگا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں