روالپنڈی:حساس اداروں نے خبردار کیا ہے کہ خانہ جنگی کے شکار ملک شام سے دہشت گرد تنظیم داعش سے وابستہ افراد کے واپس پنجاب آنے سے سیکیورٹی کے خطرات بڑھ جائیں گے۔

رپورٹس کے مطابق داعش سے وابستہ افراد ظاہری طور پر پاکستان سے جنگ میں شامل ہونے کے لیے شام گئے تھے، جو اب افغانستان کے راستے واپس آ رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: پاکستانیوں کا داعش میں بھرتی کا انکشاف

ماضی میں یہ رپورٹس سامنے آئیں تھیں کہ کچھ پاکستانی شام میں جاری جنگ میں شمولیت کے لیے گئے ہیں، جہاں داعش اور حکومت کے درمیان طویل عرصے سے لڑائی جاری ہے۔

پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف پیس اسٹڈیز کے عامر رضا کے مطابق آنے والے بعض دہشت گردوں کے حوالے سے یہ واضح نہیں ہے کہ وہ پاکستانی ہیں یا تارکین وطن ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب بھر میں پیرس طرز کے حملوں کا خطرہ

ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حالیہ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ عسکریت پسندی پر کنٹرول کرنے کے ساتھ ساتھ سماج دشمن عناصرکے خلاف فعال کردار ادا کیا جائے۔

راولپنڈی پولیس چیف اسرار احمد عباسی نے ڈان کو بتایا کہ یومیہ بنیادوں پر مشتبہ افراد کی گرفتاری کے لیے تمام اضلاع میں مشترکہ سرچ آپریشنز شروع کیے جائیں گے۔


یہ خبر 14 جنوری 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں