بولی وڈ کے ہدایت کار کرن جوہر اور اداکارہ کرینہ کپور خان کو بہترین دوست سمجھا جاتا ہے، تاہم ایک وقت ایسا بھی تھا جب ان دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا، اور انہوں نے 9 مہینوں تک ایک دوسرے سے بات تک نہیں کی۔

کرن جوہر نے اپنی کتاب 'این انسوٹیبل بوائے' میں اپنی زندگی کی کئی کہانیاں تحریر کیں، جن میں سے ایک کرینہ کپور خان کے ساتھ ہونے والی لڑائی کی بھی ہے۔

کرن جوہر نے اس کتاب میں لکھا کہ 'کرینہ کپور خان کے ساتھ میرا پہلا مسئلہ اس وقت ہوا، جب اس نے بہت زیادہ معاوضہ طلب کیا اور اس کے بعد ہمارا جھگڑا ہوا، اس دوران فلم مجھ سے دوستی کروگی ریلیز ہوئی تھی، جسے کنال کوہلی نے ڈائیریکٹ کیا تھا، اس وقت کرینہ نے کہا کہ ادیتیہ چوپڑا کے اسسٹنٹ نے ایک فلاپ فلم بنائی، اب کرن جوہر کے اسسٹنٹ نکھل اڈوانی پر بھی بھروسہ نہیں کیا جاسکتا'۔

مزید پڑھیں: کرینہ کپور، کرن جوہر سے ناراض

44 سالہ کرن جوہر نے اس حوالے سے مزید لکھا کہ 'مجھ سے دوستی کروگی کی ریلیز کے بعد میں نے کرینہ کو اپنی فلم کل ہو نا ہو، کی آفر کی، اور انہوں نے مجھ سے اتنے پیسے مانگے جتنے شاہ رخ خان کو اس فلم میں دیے جارہے تھے، جس کے بعد میں نے انکار کرتے ہوئے معذرت کرلی'۔

کرن جوہر کے مطابق کرینہ کپور خان کے اس مطالبے کے باعث وہ ان سے ناراض ہوگئے، اور دونوں نے طویل عرصے تک بات نہیں کی۔

اپنے اس جھگڑے پر کرن نے مزید کہا کہ 'مجھے بہت دکھ ہوا تھا، میں نے اپنے والد سے کہا کہ بس اب چھوڑ دیں، میں نے کرینہ کو فون کیا تاہم اس نے میری کال بھی نہیں اٹھائی، پھر میں نے کہا کہ ہم اسے فلم میں کاسٹ نہیں کررہے، جس کے بعد ہم نے پریتی زنٹا کو فلم میں کاسٹ کیا، اس کے بعد کرینہ اور میں نے تقریباً 9 مہینوں تک بات نہیں کی، ہم دونوں ایک دوسرے کو تقریبات میں دیکھا کرتے تھے لیکن ملتے نہیں تھے، اور مجھے عجیب بھی لگتا تھا کیوں کہ کرینہ مجھ سے تقریباً ایک دہائی چھوٹی ہے'۔

یہ بھی پڑھیں: 44 سال کی عمر میں تنہا رہنا مشکل ہے،کرن جوہر

کرن نے اس حوالے سے مزید لکھا کہ ان کی فلم 'کل ہو نا ہو' کی ریلیز کے دوران ان کے والد کا نیو یارک میں علاج بھی چل رہا تھا، جس دوران کرینہ کپور خان نے انہیں کال کی، اور کہا 'میں نے یش انکل کے بارے میں سنا'، اس دوران وہ بےحد جذباتی ہوگئی تھی'۔

واضح رہے کہ کرن جوہر اور کرینہ کپور خان نے ایک ساتھ کئی فلموں میں کام کیا جن میں 'کبھی خوشی کبھی غم'، 'قربان'، 'وی آر فیملی'، 'ایک میں اور ایک تو' وغیرہ شامل ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں