شوبز کی چکا چوند کو خیرباد کہہ کر اپنی زندگی اسلام کے لیے وقف کردینے والے اسٹار جند جمشید کی یاد میں پاکستان کے نامور بینڈ 'جنون' نے ایک شارٹ فلم ریلیز کی ہے۔

اس فلم کا نام 'خواب' رکھا گیا ہے، جس میں جنید جمشید کی کئی تصاویر اور ویڈیوز شامل کی گئیں، جس کے ذریعے مداحوں سے ان کی یادوں کو شیئر کیا گیا۔

فلم میں شامل گانے 'خواب' کو موسیقار سلمان احمد نے تحریر کیا، جو جنون بینڈ کے البم 'دور' کا گانا ہے۔

مزید پڑھیں: جنید جمشید فضائی حادثے میں جاں بحق

اس فلم کی ہدایات عمران احمد خان نے دی ہیں۔

فلم 'خواب' کا آغاز 'نامکمل خواب نہیں بلکہ لامحدود امکانات' کے جملے سے کیا گیا، جس کے بعد جنید جمشید اپنی اور جنون بینڈ کے بانی سلمان احمد کی دوستی اور قربت کا ذکر کرتے نظر آئے۔

واضح رہے کہ جنید جمشید گزشتہ سال 7 دسمبر کو چترال سے اسلام آباد جاتے ہوئے پی آئی اے کے مسافر طیارے کے حویلیاں کے قریب گر کر تباہ ہونے کے نتیجے میں جاں بحق ہوگئے تھے۔

52 سالہ جنید جمشید نے اپنے کیریئر کا آغاز وائٹل سائنز نامی پاپ بینڈ میں بحیثیت مرکزی گلوکار کیا تھا، اس بینڈ کے ذریعے انہیں اپنی زندگی میں بہت شہرت ملی۔

گلوکاری میں بے انتہا شہرت حاصل کرنے کے بعد ان کا رجحان اسلامی تعلیمات کی طرف بڑھ گیا اور آہستہ آہستہ انھوں نے موسیقی کے شعبے کو خیرباد کہہ دیا۔

یہ بھی پڑھیں: جنید جمشید کی ناگہانی موت، عالمی میڈیا نے کیا لکھا؟

ان کا شمار پاکستان کے نامور نعت خوانوں اور بزنس مین کے طور پر بھی کیا جاتا رہا ہے۔

خیال رہے کہ جنید جمشید رمضان کے مہینے میں نجی ٹی وی چینل پر مذہبی پروگرام کی میزبانی بھی کرتے رہے تھے۔

جنید جمشید کو 2007 میں حکومت پاکستان کی جانب سے تمغہ امتیاز سے بھی نوازا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں