کشمیری کرکٹر ہندوستانی ٹیم میں منتخب

23 جنوری 2017
پرویز رسول نے بنگلہ دیش کے خلاف ایک میچ میں ہندوستان کی نمائندگی کی تھی—فائل/فوٹو: اے پی
پرویز رسول نے بنگلہ دیش کے خلاف ایک میچ میں ہندوستان کی نمائندگی کی تھی—فائل/فوٹو: اے پی

ہندوستان نے انگلینڈ کے خلاف تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے آل راؤنڈر پرویز رسول کو 15 رکنی ٹیم میں شامل کرلیا ہے جبکہ ایشون کو آرام دیا گیا ہے۔

ہندوستانی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے تجربہ کار آل راؤنڈر رویندرا جدیجا کو آرام کا موقع دیتے ہوئے ان کی جگہ پرویز رسول کو ٹیم میں منتخب کیا گیا ہے۔

مقبوضہ کشمیر کے علاقے اننت ناگ میں پیدا ہونے والے پرویز رسول ڈومیسٹک کرکٹ میں جموں اینڈ کشمیرٹیم کی قیادت کرتے ہیں اور ہندوستانی اے ٹیم کے مستقل رکن ہیں۔

پرویز رسول کو 2014 میں بنگلہ دیش کے خلاف ایک روزہ سیریز کے لیے ٹیم میں منتخب کیا گیا تھا اور شیربنگلہ اسٹیڈیم میں انھوں نے اپنے ایک روزہ کیریئر کا آغاز کیا تھا جس کے بعد اب انھیں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں موقع دیا گیا ہے۔

پرویز نے اپنے ابتدائی میچ میں دو وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ بیٹنگ میں ان کا نمبر نہیں آیا تھا۔

واضح رہے کہ ہندوستان نے انگلینڈ کے خلاف 4 میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں 4-0 سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ 3 میچوں کی ایک روزہ سیریز میں 2-1 سے فتح سمیٹی تھی۔

مزید پڑھیں: بھارت نے انگلینڈ کے خلاف سیریز جیت لی

انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ایشون کی جگہ لیگ اسپنر امیت مشرا کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹٰی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز جمعرات کو کانپور میں ہوگا۔

ویرات کوہلی کی قیادت میں ہندوستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی۔

ویرات کوہلی (کپتان)، مہندراسنگھ دھونی، لوکیش راہل، مندیپ سنگھ، یوراج سنگھ، سریش رائنا، ریشابھ پینٹ، ہرڈیک پانڈیا، امیت مشرا، پرویز رسول، یوزویندرا چاہل، منیش پانڈے، جسپریت بمرا، بھونیشور کمار، اشیش نہرا

تبصرے (0) بند ہیں