ہیواوے کا نیا فلیگ شپ فون اپریل تک متوقع

23 جنوری 2017
گزشتہ سال کا ماڈل پی نائن — فوٹو بشکریہ ہیواوے
گزشتہ سال کا ماڈل پی نائن — فوٹو بشکریہ ہیواوے

اگر فوٹوگرافی اور دیگر فیچرز کے حوالے سے بات کی جائے تو جو کمپنی ایپل اور سام سنگ کے مقابلے پر کھڑی نظر آتی ہے وہ ہیواوے ہے اور اس کا نیا فلیگ شپ فون اپریل تک متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔

چین کی سوشل میڈیا سائٹ ویبو پر رپورٹ کے مطابق ہیواوے پی ٹین اور پی ٹین پلس مارچ یا اپریل میں متعارف کرایا جاسکتا ہے۔

یہ ہیواوے کے ایج ٹو ایج اسکرین کے حامل فلیگ شپ فونز ہوں گے جن میں گزشتہ سال کی طرح لائیسا برانڈڈ ڈوئل کیمروں کا فیچر بھی موجود ہوگا۔

اسی طرح فنگر پرنٹ سنسر، کیرن 960 پراسیسر، سکس جی بی ریم، اینڈرائیڈ 7.0 آپریٹنگ سسٹم اور چند دیگر تبدیلیاں بھی اس میں شامل کی جائیں گی۔

ہیواوے کے گزشتہ سال کے فلیگ شپ فون کے ڈوئل کیمرے کو فوٹوگرافی کے لیے زبردست قرار دیا گیا تھا جن میں ایک کیمرہ رنگوں کو گرفت میں لینے مہارت رکھتا تھا جبکہ دوسرا مونو کروم (وہ تصویر جس مین ایک ہی رنگ کے کئی روپ بھرے جائیں) فوٹوز لینے کے لیے بہترین تھا۔

ہیواوے کے دو فلیگ شپ فونز کے ساتھ پی ٹین لائٹ بھی متعارف کرائے جانے کا امکان ہے جس میں فور جی بی ریم اور 64 جی بی انٹرنل اسٹوریج، بارہ میگا پکسل کا رئیر کیمرہ اور آٹھ میگا پکسل کا فرنٹ کیمرہ ہوگا۔

اس فون کے ساتھ 2900 ایم اے ایچ بیٹری ہوگی جبکہ 5.2 انچ کی فل ایچ ڈی اسکرین اور اینڈرائیڈ 7.0 آپریٹنگ سسٹم موجود ہوگا۔

ہیواوے کے اس فون کی قیمت کا ابھی اندازہ تو نہیں لگایا جاسکتا مگر گزشتہ سال متعارف کرائے جانے والا پی نائن اس وقت پاکستان میں 53 ہزار روپے سے زائد میں فروخت کیا جارہا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں