'رئیس' کی تشہیر کے دوران ایک شخص ہلاک

24 جنوری 2017
فلم 'رئیس' 25 جنوری کو ریلیز کی جارہی ہے —فوٹو/ فائل
فلم 'رئیس' 25 جنوری کو ریلیز کی جارہی ہے —فوٹو/ فائل

بولی وڈ اداکار شاہ رخ خان اور ماہرہ خان کی فلم 'رئیس' کی تشہیر زور و شور سے جاری ہیں، تاہم ہندوستان کے شہر وڈودرا میں فلم کی تشہیر کے دوران ایک شخص دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہوگیا۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق شاہ رخ خان اپنی فلم کی پروموشن کے لیے ہندوستان کے مختلف شہروں میں بذریعہ ٹرین سفر کررہے ہیں۔

شاہ رخ خان کے ٹرین کے سفر کے باعث ان کے مداحوں کی بڑی تعداد اسٹیشنز پر جمع رہی، لوگوں کے اس جمِ غفیر کو سنبھالنے کے لیے پولیس نے ان پر لاٹھی چارج کیا، جس کے نتیجے میں ایک شخص کو دل کا دورہ پڑا اور وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔

شاہ رخ خان نے ایک فین کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا، 'ہماری ٹیم پورے وقت وہاں موجود تھی، اس قسم کا واقعہ رونما ہونا افسوس ناک ہے'۔

شاہ رخ خان نے اپنے ٹرین کے سفر اور مداحوں سے ملاقات کی چند ویڈیوز بھی ٹوئٹر پر شیئر کیں۔

واضح رہے کہ فلم 'رئیس' ماہرہ خان کی بولی وڈ میں ڈیبیو فلم ہے، جس میں وہ شاہ رخ خان کی اہلیہ کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی، فلم میں نوازالدین صدیقی ہولیس افسر جبکہ شاہ رخ خان ایک گینگسٹر بنے ہیں۔

'رئیس' کل یعنی 25 جنوری کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں