وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ لاہور میں خودکش دھماکا پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا فائنل سبوتاژ کرنے کی سازش ہوسکتا ہے۔

رانا ثنا اللہ نے ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی انتظامات مکمل تھے لیکن چونکہ جائے وقوع پر ہجوم تھا اس لیے کسی کو روکنا بہت مشکل تھا۔

انہوں نے کہا کہ پولیس نے دھماکے کو خودکش قرار دیا ہے، دھماکا پی ایس ایل کا لاہور میں ہونے والا فائنل سبوتاژ کرنے کی سازش ہوسکتا ہے، جبکہ اس میں بیرونی عناصر کے ملوث ہونے کو خارج از امکان نہیں کیا جاسکتا۔

یہ بھی پڑھیں: خودکش دھماکے میں ڈی آئی جی ٹریفک سمیت متعدد ہلاک

واضح رہے کہ لاہور میں پنجاب اسمبلی کے سامنے ہونے والے خودکش دھماکے میں ڈی آئی جی ٹریفک احمد مبین اور ایس ایس پی آپریشنز زاہد گوندل سمیت 10 افراد ہلاک اور 60 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

دھماکے کے وقت مال روڈ پر فارما مینوفیکچررز اور کیمسٹس کا دھرنا جاری تھا، اور احمد مبین مظاہرین سے مذاکرات کے لیے آئے تھے۔

دھماکے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے علیحدگی اختیار کرنے والے گروپ 'جماعت الاحرار' نے قبول کرنے کا دعویٰ کیا۔

تبصرے (1) بند ہیں

Imran Feb 13, 2017 08:44pm
Kamal hai bahi Dunia ki tawaja ho na ho. Government apni sooch pehlay wahan pooncha dia karee.