ایل جی جی سکس فوٹوگرافی کے لیے بہترین؟

20 فروری 2017
ایل جی جی سکس کی لیک تصویر — فوٹو بشکریہ دی ورج
ایل جی جی سکس کی لیک تصویر — فوٹو بشکریہ دی ورج

ایل جی کا نیا فلیگ شپ فون 26 فروری کو متعارف کرایا جارہا ہے اور اب اس کمپنی نے اس کا ایک اور فیچر پیش کردیا ہے۔

ایل جی کے کورین بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ جی سکس میں فرنٹ کے ساتھ ساتھ 13 میگا پکسل کے دو رئیر کیمرے ہوں گے۔

اس کا فرنٹ کیمرہ سو ڈگری ویو کی تصاویر لینے میں مدد دے گا جبکہ بیک کیمرے 125 ڈگری اینگل کے شاٹس لے سکیں گے۔

ان میں سے ایک کیمرہ خاص طور پر وائیڈ ویو کے لیے ہے تاکہ بڑی تصاویر کو 1:1 ریشو کی کرکے انسٹاگرام کے لیے موزوں بناسکے۔

جی سکس ایل جی کا پہلا فون نہیں جس میں دو بیک کیمرے دیئے گئے ہیں، گزشتہ سال وی 20 میں بھی اس کمپنی نے ایک سولہ میگا پکسل اور دوسرا 8 میگا پکسل کیمرہ دیئے تھے۔

تاہم جی سکس کی انفرادیت اس کے وائیڈ اینگل کیمرے ہیں جو کہ 360 ڈگری پینو راما موڈ، کلر سچوریشن کے لیے فوڈ موڈ اور اسکوائر کیمرہ فیچر وغیرہ کے ساتھ ہوں گے۔

اس فون کی اسکرین دو حصوں میں تقسیم ہوجائے گی تاکہ ایک پر آپ کھینچی جانے والی فوٹو کو دیکھ سکیں جبکہ دوسری میں اگلی تصویر کی تیار کرسکیں۔

ایل جی کے یہ ڈوئل کیمرہ سنسر دھندلے پس منظر کو دوبارہ بنانے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں جیسے آئی فون سیون پلس کے پورٹریٹ موڈ میں ہوتا ہے۔

ایل جی جی سکس 5.7 انچ ڈسپلے کے ساتھ ہوگا جو کہ کسی حد تک ایج لیس ہوگا اور فی الحال مارکیٹ میں اس کے مقابلے میں کوئی فون نہیں صرف شیاﺅمی کا می مکس قریب تر کہا جاسکتا ہے۔

می مکس کی طرح جی سکس کا ڈسپلے خم کھائے کونوں کے ساتھ ہوگا۔

جی سکس میں ہیڈ فون جیک بھی ہوگا اور یہ ممکنہ طور پر واٹر پروف ہوگا جبکہ اس کی بیٹری کو بدلا نہیں جاسکے گا۔

گزشتہ برسوں کے دوران ایل جی کے اسمارٹ فونز کی فروخت میں کمی دیکھنے میں آئی ہے مگر جنوبی کورین کمپنی کو توقع ہے کہ اس بار اس کا فلیگ شپ فون کامیابی حاصل کرسکے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں