پی ایس ایل فائنل: شعیب غیرملکی کھلاڑیوں کو راضی کرنے میں مصروف

اپ ڈیٹ 24 فروری 2017
اسٹار آل راؤنڈر شعیب ملک—۔ڈان نیوز
اسٹار آل راؤنڈر شعیب ملک—۔ڈان نیوز

شارجہ: اسٹار آل راؤنڈر اور کراچی کنگز کے کھلاڑی شعیب ملک کا کہنا ہے کہ وہ غیر ملکی کھلاڑیوں کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا فائنل لاہور میں کھیلنے کے لیے رضامند کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔

ڈان اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق رائٹ ہینڈ بیٹسمین شعیب ملک نے بتایا، 'میں پاکستان میں اپنے ساتھ سیکیورٹی نہیں رکھتا، میں نے کھلاڑیوں کو بتایا کہ میری اہلیہ ہندوستانی ہیں اور وہ بھی جب پاکستان آتی ہیں تو اپنے ساتھ سیکیورٹی نہیں رکھتیں'۔

جب ان سے پی ایس ایل کے دیگر ٹی 20 انٹرنینشل لیگز سے موازنے سے متعلق سوال پوچھا گیا تو شعیب ملک نے بتایا، 'اگرچہ میں نہیں سمجھتا کہ لیگز کا ایک دوسرے سے موازنہ کرنا چاہیے، لیکن میرا خیال ہے کہ پی ایس ایل نے کرکٹ کے اسٹینڈرڈ کے لحاظ سے ایک بڑا اسٹینڈ لیا ہے اور اللہ کی رحمت سے اس میں دن بدن بہتری آرہی ہے'۔

انھوں نے پیش گوئی کہ آنے والے دنوں میں پی ایس ایل کو مزید کامیابیاں ملیں گی لیکن ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ اس حوالے سے کھلاڑیوں، میڈیا اور پاکستانی عوام پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔

نئے کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کے حوالے سے سوال پر شعیب ملک کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ میں شامل نئے کھلاڑیوں میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے، تاہم انھوں نے ہمیشہ ان سے یہی کہا ہے کہ ایک کھلاڑی صرف ٹیلنٹ کی بناء پر ہی نہیں چل سکتا بلکہ اسے بہتری کی جانب مسلسل گامزن رہنا چاہیے۔

مزید پڑھیں:پی ایس ایل فائنل پر پنجاب حکومت تذبذب کا شکار

شعیب ملک نے نئے کھلاڑیوں پر پی ایس ایل میں بہترین پرفارمنس دکھانے پر زور دیتے ہوئے کہا، 'اگر آپ کے پاس فزیکل فٹنس ہے تو آپ کی پرفارمنس مستحکم رہے گی'۔

اپنی ٹیم کی پرفارمنس پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے شعیب نے کہا کہ رواں سیزن میں کراچی کنگز کی کارگردگی نسبتاً بہتر ہے، ساتھ ہی ان کا کہنا تھا، 'لیکن یہ اب بھی کچھ بہت زیادہ بہتر نہیں ہے'۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے 5 مارچ کو دبئی کی جگہ لاہور میں پی ایس ایل فائنل کے انعقاد کے اعلان کے ساتھ ہی لاہور سمیت ملک کے دیگر شہروں میں دہشت گرد حملوں کا سلسلہ شروع ہو گیا جس سے سیکیورٹی ایجنسیز کے لیے نئے چیلنج کھڑے ہو گئے ہیں۔

دوسری جانب شائقین کرکٹ لاہور میں فائنل کے انعقاد کے اعلان کے بعد سے انتہائی پرجوش ہیں اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی پیشرفت میں انتہائی دلچسپی لے رہے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں