دورہ ویسٹ انڈیز، ٹریننگ کیمپ کیلئے 31 ناموں کا اعلان
انضمام الحق کی زیر سربراہی قومی سلیکشن کمیٹی نے دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے لگائے جانے والے ٹریننگ کیمپ کیلئے 31 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے جس میں پاکستان سپر لیگ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے نوجوان کھلاڑیوں کو بھی حصہ بنایا گیا ہے۔
ون ڈے اور ٹی20 میچوں کیلئے لگائے جانے والے ہفت روزہ کیمپ کا آغاز 11 مارچ سے ہو گا جو 17 مارچ تک قذافی اسٹیڈیم میں جاری رہے گا جبکہ ٹیسٹ میچوں کیلئے کیمپ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
پاکستان سپر لیگ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے فخر زمان، رومان رئیس، اسامہ میر، عثمان شنواری اور شاداب خان کو عمدہ کارکردگی کا صلہ مل گیا ان چاروں کھلاڑیوں کو کیمپ میں بلایا گیا ہے۔
قائد اعظم ٹرافی میں 71 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہنے والے محمد عباس کو بھی کیمپ میں طلب کیا گیا ہے جبکہ کامران اکمل اور احمد شہزاد کو ڈومیسٹک کرٹ کے بعد پاکستان سپر لیگ میں بہترین کارکردگی دکھانے کا انعام مل گیا ہے۔
اس کے ساتھ آل راؤنڈر فہیم اشرف، حسین طلعت، عماد بٹ، سعد علی اور قائد اعظم ٹرافی میں عمدہ بیٹنگ کرنے والے آصف زاکر بھی کیمپ میں ٹریننگ کرتے نظر آئیں گے۔
پی ایس ایل میں اوسط درجے کی کارکردگی کے باوجود جنید خان کو کیمپ کیلئے طلب کیا گیا ہے لیکن طویل القامت محمد عرفان جگہ بنانے میں ناکام رہے۔
قومی ٹیم دورہ ویسٹ انڈیز کا آغاز چار ٹی20 میچوں سے کرے گی جس کے بعد تین ون ڈے اور تین ٹیسٹ میچ بھی کھیلے جائیں گے۔ ٹریننگ کیمپ کیلئے بلائے گئے کھلاڑیوں کے نام یہ ہیں۔
سرفراز احمد، احمد شہزاد، محمد حفیظ، فخر زمان، اظہر علی، شان مسعود، بابر اعظم، شعیب ملک، عمر اکمل، آصف زاکر، سعد علی، کامران اکمل، فہیم اشرف، حسین طلعت، عماد بٹ، محمد عامر، حسن علی، وہاب ریاض، راحت علی، رومان رئیس، سہیل خان، جنید خان، سہیل تنویر، محمد عباس، عثمان شنواری، اسامہ میر، عماد وسیم، محمد اصغر، شاداب خان، محمد نواز اور یاسر شاہ۔












لائیو ٹی وی