پریانکا گاندھی کا بھرپور استقبال کیا گیا—فوٹو: این ڈی ٹی وی
پریانکا گاندھی کا بھرپور استقبال کیا گیا—فوٹو: این ڈی ٹی وی

بھارت میں آئندہ ماہ 11 اپریل سے لوک سبھا یعنی ایوان زیریں کے انتخابات ہونے جا رہے ہیں، جس کے لیے مہم زوروں سے جاری ہے۔

بھارت میں انتخابات 19 مئی تک جاری رہیں گے اور مجموعی طور پر 7 مرحلوں میں ووٹنگ ہوگی۔

ووٹنگ کا پہلا مرحلہ 11 اپریل، دوسرا 18 اپریل، تیسرا 23 اپریل، چوتھا 29 اپریل، پانچواں 6 مئی، چھٹا 11 مئی اور ساتواں مرحلہ 19 مئی کو ہوگا اور ووٹوں کی گنتی 23 مئی کو ہوگی۔

جون کے وسط تک بھارت میں نئی حکومت بن جائے گی۔

عوام کی حمایت حاصل کرنے اور اپنا ووٹ بینک بڑھانے کے لیے بھارتی سیاسی جماعتیں مہم کے دوران بھرپور متحرک دکھائی دے رہی ہیں۔

حکمران جماعت بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) اور اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت انڈین نیشنل کانگریس کی جانب سے معمول کے مطابق ایک دوسرے کو تنقید کا نشانہ بنائے جانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

دونوں جماعتیں انتخابی مہم کے دوران ایک دوسرے کی کرپشن اور نااہلی پر بات کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔

اسی سلسلے میں انتخابی مہم میں پاکستانی بریانی کی انٹری سے ماحول دلچسپ دکھائی دے رہا ہے۔

انتخابی مہم کے دوران پاکستانی بریانی کا ذکر کانگریس کے صدر راہول گاندھی کی بہن پریانکا گاندھی نے چھیڑا۔

پریانکا گاندھی نے انتخابات لڑنے کے حوالے سے بھی بات کی—فوٹو: گلف ٹوڈے
پریانکا گاندھی نے انتخابات لڑنے کے حوالے سے بھی بات کی—فوٹو: گلف ٹوڈے

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ریاست اترپردیش کی کانگریس کی سیکریٹری جنرل پریانکا گاندھی ایودھیا میں انتخابی ریلی میں شرکت کرنے پہنچیں، جہاں انہوں نے بی جے پی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔

پریانکا گاندھی نے جہاں بی جے پی پر تیر برسائے وہیں انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور انہیں پاکستان جانے کے طعنے دیے۔

ریلی کے دوران انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک انہوں نے انتخابات لڑنے کا فیصلہ نہیں کیا اگر انہیں پارٹی میدان میں اتارے گی تو وہ ضرور انتخابات لڑیں گی۔

ریلی کے دوران پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں پریانکا گاندھی نے کہا کہ نریندر مودی بریانی کھانے پاکستان گئے تھے۔

کانگریس کی رہنما کا کہنا تھا کہ نریندر مودی 2015 میں بریانی کھانے لاہور گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: نریندر مودی کی پہلی بار اچانک پاکستان آمد، 2 گھنٹے بعد واپسی

پریانکا گاندھی نے دراصل نریندرمودی کی جانب سے 25 دسمبر 2015 کو کیے گئے ان کے مختصر دورے کا حوالہ دیا۔

نریندر مودی 3 سال قبل اس وقت کے پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف کی سالگرہ پر اچانک بن بلائے لاہور پہنچے تھے، جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا تھا۔

نریندر مودی اچانک پاکستان پہنچے تھے—فائل فوٹو: ڈان نیوز
نریندر مودی اچانک پاکستان پہنچے تھے—فائل فوٹو: ڈان نیوز

نریندر مودی کی جانب سے کیے گئے اس مختصر دورے اور ان کی نواز شریف سے ملاقات پر اس وقت کے سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے بتایا تھا کہ ورے کے دوران دونوں وزرائے اعظم کے درمیان ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی جس کے دوران جامع مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

نواز شریف سے ملاقات اور پاکستان کے مختصر دورے کے بعد نریندر مودی نے ٹوئٹ کیا تھا جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ نواز شریف نے ایئر پورٹ پر نہ صرف ان کا استقبال کیا بلکہ واپس چھوڑنے بھی آئے۔

نریندر مودی نے مزید لکھا تھا کہ نوازشریف کے ذاتی گھر میں انہوں نے بہت اچھا وقت گزارا جبکہ پاکستانی وزیراعظم کی سالگرہ اور ان کی نواسی کی شادی کی تقریب سےمزہ دوبالا ہوگیا۔

پاکستان کی بریانی بھارت سمیت دنیا بھر میں مشہور ہے—فائل فوٹو: فیس بک
پاکستان کی بریانی بھارت سمیت دنیا بھر میں مشہور ہے—فائل فوٹو: فیس بک

اگرچہ نواز شریف اور نریندر مودی کی جانب سےملاقات کے دوران کھانے کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی گئی تھی، تاہم اطلاعات تھیں کہ بھارتی وزیر اعظم کو روایتی کھانے پیش کیے گئے تھے۔

نریندر مودی کی جانب سے کیے گئے اسی مختصر دورے کا حوالہ دیتے ہوئے پریانکا گاندھی نے کہا کہ دراصل بھارتی وزیر اعظم پاکستان میں بریانی کھانے گئے تھے۔

یاد رہے کہ پاکستان کی بریانی اور خصوصی طور پر کراچی کی بریانی دنیا بھر میں مشہور ہے۔

پریانکا گاندھی نے رواں برس ہی سیاست میں انٹری دی تھی—فائل فوٹو: این ڈی ٹی وی
پریانکا گاندھی نے رواں برس ہی سیاست میں انٹری دی تھی—فائل فوٹو: این ڈی ٹی وی

تبصرے (0) بند ہیں