گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں تیزرفتار بس کھائی میں جاگری، جس کے نتیجے میں 20 مسافر جاں بحق ہوگئے ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق واقعہ شاہراہ قراقرم پر پیش آیا جہاں گونر فارم کے قریب تیز رفتار مسافر بس کھائی میں جا گری، بس میں 43 مسافر سوار تھے۔

ترجمان صوبائی حکومت فیض اللہ فراق نے بتایا کہ بس کو حادثہ صبح 5 بجےکے قریب پیش آیا، حادثے کا شکار بس راولپنڈی سے ہنزہ جارہی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ بس یشوکھل کے قریب موڑ کاٹتے ہوئے ڈرائیور سے بے قابو ہوگئی اور گہری کھائی میں جا گری، بس میں سوار خواتین بچے سمیت 20 مسافر جاں بحق جبکہ 21 زخمی ہوگئے ہیں جنہیں مسافروں کو ریجنل ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ چلاس ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے،ریسکیوکی ٹیمیں بروقت جائے وقوع پہنچ گئی ہیں اور رسیکیو آپریشن جاری ہے۔

مقامی شخص محمد زمان کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو خون کے عطیات دینے کے لیے بڑی تعداد میں لوگ ہسپتال پہنچ گئے اور زخمیوں اور جاں بحق افراد کی منتقلی میں مقامی نوجوانوں نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

ریسکیوذرائع نے بتایا کہ بس حادثے میں جاں بحق افراد کا تعلق ہنزہ، گلگت اور سکردو سے ہے، بیشتر جاں بحق افراد کا تعلق آزاد کشمیر، پنجاب اورخیبر پختونخوا سے ہے۔

فوٹو: امتیاز علی تاج
فوٹو: امتیاز علی تاج

اظہارِ افسوس

وزیراعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے بس حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ اور ریسکیو اہلکاروں کو زخمیوں کی بروقت طبی امداد میں مدد کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے بھی شاہراہ قراقرم حادثے میں قیمتی جانوں کےنقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حادثے میں جانی نقصان پر بہت دکھ ہوا، دکھ کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں