واٹس ایپ بہت جلد مائیکرو سافٹ اسٹور سے ڈیلیٹ کیے جانے کا امکان

25 جون 2019
ونڈوز فونز کے واٹس ایپ صارفین کے لیے چند ماہ ہیں — شٹر اسٹاک فوٹو
ونڈوز فونز کے واٹس ایپ صارفین کے لیے چند ماہ ہیں — شٹر اسٹاک فوٹو

واٹس ایپ نے گزشتہ ماہ اعلان کیا تھا کہ وہ رواں سال کے آخر تک ونڈوز اسمارٹ فونز کے لیے سپورٹ ختم کردی جائے گی۔

اور اب یہ اعلان سامنے آیا ہے کہ دنیا کی مقبول ترین میسجنگ اپلیکشن یکم جولائی کے بعد مائیکرو سافٹ اسٹور سے بھی ہٹالی جائے گی، یعنی صارفین اسے انسٹال کرکے استعمال نہیں کرسکیں گے۔

واٹس ایپ کے ایف اے کیو پیج کے مطابق تمام ونڈوز آپریٹنگ سسٹمز پر 31 دسمبر کے بعد صارفین واٹس ایپ کو استعمال نہین کرسکیں گے جبکہ ہوسکتا ہے کہ یکم جولائی کے بعد یہ مائیکرو سافٹ اسٹور پر بھی دستیاب نہ ہو۔

اس بیان میں یکم جولائی کے بعد ایپ کی عدم دستیابی کے حوالے سے شاید کا لفظ استعمال ہوا ہے مگر یہ واضح ہے کہ یہ بہت جلد مائیکرو سافٹ اسٹور سے ڈیلیٹ کردی جائے گی۔

رواں سال کے آخر تک واٹس ایپ کی جانب سے سپورٹ ختم ہونے پر ونڈوز فونز کے صارفین کے لیے اس مقبول ترین میسجنگ اپلیکشن میں بگز فکسز، اپ ڈیٹس اور نئے فیچرز کا حصول ممکن نہیں ہوگا۔

اور ہاں ونڈوز فونز میں اس کے بیشتر فیچرز کسی بھی وقت اچانک کام کرنا بند بھی کردیں گے۔

ونڈوز فون مائیکرو سافٹ کا وہ آپریٹنگ سسٹم ہے جس کو خود کمپنی نے سپورٹ ختم کرنے کا اعلان کیا ہے اور اس وقت دنیا بھر میں 0.28 فیصد صارفین ونڈوز موبائل استعمال کررہے ہیں جبکہ اینڈرائیڈ صارفین کی تعداد 74.85 فیصد ہے۔

مائیکرو سافٹ پہلے ہی تمام ونڈوز فونز کے لیے سپورٹ ختم کرنے کا اعلان کرچکی ہے بلکہ صارفین کو اینڈرائیڈ یا آئی او ایس پر منتقل ہونے کا مشورہ دے چکی ہے۔

ونڈوز فونز سے پہلے واٹس ایپ بلیک بیری آپریٹنگ سسٹم، بلیک بیری 10، نوکیا ایس 40، نوکیا سامبا ایس 60، اینڈرائیڈ 2.1، اینڈرائیڈ 2.2، ونڈوز فون 7، آئی فون تھری جی/آئی او ایس سکس کے لیے سپورٹ ختم کرچکی ہے۔

واٹس ایپ نے یکم فروری 2020 اینڈرائیڈ 2.3.7 اور آئی فون آئی او ایس کے لیے بھی سپورٹ ختم کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں