دولت مشترکہ گیمز 2022 میں ویمن ٹی ٹوئنٹی کرکٹ بھی شامل

اپ ڈیٹ 17 اگست 2019
دولت مشترکہ گیمز میں مردوں کے مقابلے میں عورتوں کے میڈلز کی تعداد زیادہ ہوگی—فوٹو:دولت مشترکہ ٹویٹر
دولت مشترکہ گیمز میں مردوں کے مقابلے میں عورتوں کے میڈلز کی تعداد زیادہ ہوگی—فوٹو:دولت مشترکہ ٹویٹر

دولت مشترکہ گیمز فیڈریشن (سی جی ایف) نے اعلان کیا ہے کہ برمنگھم میں شیڈول 2022 کے گیمز میں ویمن ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کو بھی شامل کیا جائے گا۔

دولت مشترکہ سے جاری اعلامیے کے مطابق گیمز میں ویمن کرکٹ کی شمولیت سے تاریخ میں خواتین کے کھیلوں کا سب سے بڑا پروگرام ہوگا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ دولت مشترکہ گیمز میں بیچ والی اور پیراٹیبل ٹینس کو بھی شامل کیا گیا اور یوں پیرا اسپورٹس کا بھی سب سے بڑا پروگرام ہوگا۔

دولت مشترکہ کے مطابق تینوں کھیلوں کی شمولیت کا فیصلہ 71ویں دولت مشترکہ گیمز ایسوسی ایشن کی ووٹنگ میں اکثریت کی جانب سے برمنگھم 2022 سے ان کھیلوں کو شامل کرنے کی حمایت پر کیا گیا۔

ویمن ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی شمولیت کے بعد دولت مشترکہ گیمز میں برمنگھم کے ایجباسٹن اسٹیڈیم میں مجموعی طور پر 8 ٹیمیں حصہ لیں گے۔

اس فیصلے کے بعد دولت مشترکہ گیمز میں خواتین کے میڈلز کی تعداد میں مردوں کے مقابلے میں اضافہ ہوگا جو بالترتیب 135 اور 133 پر مشتمل ہوں گے اور تاریخ میں پہلی مرتبہ خواتین کو مردوں کے اہم مقابلوں پر برتری حاصل ہوگی۔

خیال رہے کہ دولت مشترکہ گیمز میں اس وقت 7 کھیلوں کے مکس مقابلے ہوتے ہیں تاہم پروگرام کا حتمی اعلان اگلے برس کی جائے گا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیف ایگزیکٹیو مانو ساؤہنے کا کہنا تھا کہ ‘ہمیں خوشی اور فخر ہے کہ دولت مشترکہ نے ویمن ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کو اگلے گیمز میں شامل کرنے کے لیے ووٹ دیا ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘ویمن کرکٹ اور کرکٹ کی عالمی برادری کے لیے بڑا خاص موقع ہے، دولت مشترکہ کے ساتھ خواتین کے کھیلوں کو آگے بڑھانے کے لیے ہماری شراکت داری اہم قدم ہے’۔

تبصرے (0) بند ہیں