حارث رؤف بنگلہ دیش کےخلاف سیریز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کے خواہاں

اپ ڈیٹ 26 جنوری 2020
حارث رؤف نے بگ بیش میں ہیٹ ٹرک کرنے کا کارنامہ بھی انجام دیا تھا— فوٹو بشکریہ ٹوئٹر
حارث رؤف نے بگ بیش میں ہیٹ ٹرک کرنے کا کارنامہ بھی انجام دیا تھا— فوٹو بشکریہ ٹوئٹر

بگ بیش لیگ میں عمدہ باؤلنگ سے شہرت حاصل کرنے والے پاکستانی فاسٹ باؤلر حارث رؤف نے بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں عمدہ کارکردگی کا عزم ظاہر کرتے سیریز کا بہترین باؤلر بننے پر نظریں جما لیں۔

راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے حارث رؤف کو لاہور قلندرز نے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے ذریعے تلاش کیا اور انہوں نے پاکستان سپر لیگ میں اپنی فرنچائز کی نمائندگی بھی کی لیکن انہیں اصل شہرت رواں بگ بیش لیگ میں عمدہ کارکردگی سے ملی۔

مزید پڑھیں: حارث رؤف کی بگ بیش میں عمدہ باؤلنگ کا سلسلہ جاری

پاکستانی فاسٹ باؤلر نے میلبرن اسٹار کی نمائندگی کرتے ہوئے عمدہ کھیل پیش کیا اور 7میچوں میں 16 وکٹیں حاصل کیں۔

اس عمدہ کارکردگی کی بنا پر بنگلہ دیش کے خلاف ٹی20 سیریز میں حارث کو قومی ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

پاکستانی ٹیم کے کھلاڑی کی حیثیت سے میڈیا سے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پہلی مرتبہ گفتگو کرتے ہوئے حارث رؤف نے کہا کہ وہ سیریز میں دباؤ محسوس نہیں کریں گے اور اس سے ان کے حوصلے میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ لیگ کرکٹ اور ملک کے لیے کھیلنے میں فرق ہے، دونوں کے لیے کھیلتے ہوئے الگ جذبات ہوتے ہیں لیکن اپنے ہوم کراؤڈ کے سامنے کھیلتے ہوئے دباؤ کے بجائے حوصلے میں اضافہ ہوتا ہے اور میں اس کو مثبت انداز میں لے رہا ہوں۔

بگ بیش لیگ میں کامیابی کے بعد حارث رؤف کو ٹی20 اسپیشلسٹ قرار دیا جا رہا ہے لیکن فاسٹ باؤلر تمام فارمیٹس میں قومی ٹیم کی نمائندگی کے خواہشمند ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: حارث رؤف نے آسٹریلین بگ بیش میں ہیٹ ٹرک کا اعزاز حاصل کر لیا

انہوں نے کہا کہ میرا مقصد مستقل اور لمبے عرصے تک پاکستان کی نمائندگی کرنا ہے، میں تمام فارمیٹس میں پاکستان کی نمائندگی کرنا چاہتا ہوں۔

حارث نے بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ میں نے بگ بیش میں 150 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے باؤلنگ کی اور آنے والی سیریز میں زیادہ سے زیادہ تیز باؤلنگ کر کے وکٹیں حاصل کرنے کی کوشش کروں گا۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تین ٹی20 میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 24 جنوری کو کھیلا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں