فریحہ الطاف اور نیہا خان کی پاکستانی جیت پر جشن کی ویڈیو و تصاویر وائرل

اپ ڈیٹ 25 اکتوبر 2021
نیہا خان نے انسٹاگرام پر ویڈیوز شیئر کیں
نیہا خان نے انسٹاگرام پر ویڈیوز شیئر کیں

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 راؤنڈ کے میچ میں پاکستان کے ہاتھوں بھارت کی تاریخی شکست پر جہاں دنیا بھر میں جشن منایا گیا، وہیں اسٹیڈیم میں اداکارہ و ماڈل فریحہ الطاف اور ’ڈسک جوکی‘ (ڈی جے) نیہا خان کے جشن کی تصاویر و ویڈیوز بھی خوب وائرل ہو رہی ہیں۔

پاک-بھارت میچ کے دوران جہاں کھلاڑیوں کا جذبہ بڑھانے کے لیے بھارتی اداکارائیں پریٹی زنٹا، مونی رائے اور اروشی رتیلا سمیت اکشے کمار بھی دبئی کے اسٹیڈیم میں موجود تھے۔

وہیں پاکستانی شوبز و سیاسی شخصیات بھی قومی ٹیم کا جذبہ بڑھانے کے لیے وہاں موجود تھیں۔

سینئر ماڈل، اداکارہ و فیشن ڈیزائنر فریحہ الطاف اور ڈی جی نیہا خان بھی دبئی کے اسٹیڈیم میں موجود تھیں، جن کا قومی ٹیم کی جیت پر جشن دیدنی تھا۔

نیہا خان اور فریحہ الطاف نے انسٹاگرام اور ٹوئٹر پر اسٹیڈیم میں جشن کی تصاویر و ویڈیوز شیئر کیں جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئیں۔

نیہا خان نے انسٹاگرام پر متعدد تصاویر اور ویڈیوز شیئر کیں، جن میں بعض ویڈیوز میں فریحہ الطاف کو قومی ٹیم کی جیت پر جھومتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

نیہا خان نے تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’جو مزہ انڈیا کی ہار میں ہے، وہ عشق میں ہے، نہ پیار میں ہے، نہ موٹر، نہ کار میں ہے، نہ دل میں ہے، نہ دلدار میں ہے‘۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ’جو مزہ انڈیا کی ہار میں، نہ گھر میں، نہ بازار میں، نہ باغ میں، نہ بہار میں، نہ سات سمندر پار میں، جو مزہ انڈیا کی ہار میں‘۔

ڈی جے نیہا خان نے پاکستان کو مبارک باد دیتے ہوئے لکھا کہ 24 اکتوبر کو ملکی ٹیم نے تاریخ رقم کی اور وہ قومی ٹیم کے جذبے کی چشم دید گواہ ہیں، انہوں نے گرین شرٹس کے کھیل کی تعریف بھی کی۔

نیہا خان نے اسٹیڈیم میں پاکستانی پرچم سے مشابہہ لباس میں کھچوائی گئی تصاویر بھی شیئر کیں جب کہ انہوں نے ساتھیوں اور فریحہ الطاف کے ساتھ بنوائی گئی ویڈیوز کو بھی شیئر کیا، جن میں ماڈل و اداکارہ کو خوشی سے جھومتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

فریحہ الطاف نے بھی اپنے انسٹاگرام پر اسٹیڈیم میں بنائی گئی ویڈیو شیئر کی جب کہ ٹوئٹر پر میچ کے دوران کچھوائی گئی تصاویر بھی شیئر کیں۔

دونوں کی ویڈیوز اور تصاویر پر شائقین نے کمنٹس کرتے ہوئے ان کی تعریفیں کیں اور قومی ٹیم کو عمدہ کھیل پیش کرنے پر مبارک باد بھی پیش کی۔

خیال رہے کہ 24 اکتوبر کو ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 راؤنڈ کے میچ میں شاہین شاہ آفریدی کی عمدہ باؤلنگ اور اوپنرز کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

یہ پاکستان کی بھارت کے خلاف کسی بھی فارمیٹ کے ورلڈ کپ ایونٹ میں پہلی فتح ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں