حکومت بلوچستان نے دبئی میں روایتی حریف بھارت کے کراٹے کامبیٹ کھلاڑی کو شکست دینے والے شاہ زیب رند کو سرکاری ملازمت، 20 لاکھ روپے انعام دینے، بیرون ملک تربیت اور اس حوالے سے سفری اخراجات ادا کرنے کا اعلان کیا ہے۔

’ڈان نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق کوئٹہ میں وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی سے کراٹے کامبٹ ٹیم کے کپتان شاہ زیب رند نے ملاقات کی۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے بھارت کے خلاف مقابلہ جیتنے پر شاہ زیب رند کو مبارکباد دی، اس موقع پر شاہ زیب کے لیے ملازمت اور 20 لاکھ روپے کیش ایوارڈ کا بھی اعلان کیا گیا۔

اپنی گفتگو میں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ شاہ زیب بلوچستان اور پاکستان کا فخر ہے، شاہ زیب نے ثابت کیا کہ بلوچستان میں عالمی سطح کا ٹیلنٹ موجود ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ باصلاحیت نوجوانوں کی مکمل سرپرستی کی جائے گی، حوصلہ افزائی پر شاہ زیب رند نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کا شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ دبئی میں روایتی حریف بھارت کے کراٹے کومبیٹ کھلاڑی کو شکست دینے والے شاہ زیب رند نے گزشتہ روز ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ بد قمستی سے حکومت ہمارے اپنے نوجوان کھلاڑیوں کو سپورٹ نہیں کر رہی، یہی وجہ ہے کہ ہماے ایتھلیٹ پیچھے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کراٹے کمبیٹ دنیا کی سب سے بڑی لیگ تھی جس میں وہ پاکستانی ٹیم کو لیڈ کر رہے تھے، ان کا حریف بھارت کا سپر اسٹار تھا لیکن انہوں نے بھی بھرپور ٹریننگ کررکھی تھی۔

واضح رہے کہ 4 روز قبل دبئی میں ہونے والے کراٹے کامبیٹ مقابلوں میں پاکستانی فائٹرز شاہ زیب رند اور علی رضوان نے بھارتی حریفوں کو پہلے ہی راؤنڈز میں شکست دےدی تھی۔

بعد ازاں بھارتی حریف پر پے در پے وار کرنے والے پاکستانی کپتان شاہ زیب رند کی بولی وڈ اداکار سلمان خان سے بھی ملاقات ہوئی تھی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔

اس دوران بولی وڈ اسٹار نے پاکستانی کپتان کو گلے مل کر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ہر جگہ 20، 20 سیکنڈ میں ناک آؤٹ کر دیتے ہو یار۔

بھارتی اداکار نے پاکستانی کراٹے ماسٹر سے سنجے دت کے بیٹے کا تعارف بھی کرایا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں