کیا مقبول ڈراما سیریل ’پری زاد‘ کا سیزن 2 جلد آنے والا ہے ، ڈرامے میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار احمد علی اکبر نے تفصیلات بتا دیں۔

احمد علی اکبر نے ’پری زاد‘ میں پری زاد نامی مرکزی کردار ادا کیا تھا جو کہ سانولی رنگت کے غریب مرد کا کردار ہوتا ہے جو بعد میں اپنے مالک کی جانب سے دی گئی دولت کے بعد امیر بن جاتا ہے۔

ڈرامے کے کردار کو اس کی رنگت، غربت اور بظاہر جسمانی ساخت کی وجہ سے متعدد خواتین نظر انداز کردیتی ہیں یا انہیں اس کے حصے کی محبت نہیں دیتیں لیکن اس کے باوجود کردار تمام خواتین کے ساتھ اچھائیاں کرتا دکھائی دیتا ہے۔

ڈرامے کو منفرد کہانی کی وجہ سے بہت سراہا گیا تھا اور اس نے مقبولیت کے نئے ریکارڈز بھی بنائے تھے جب کہ احمد علی اکبر کو بھی اس سے شہرت ملی۔

ڈرامے کے اختتام پر عوام کی جانب سے اس کا سیزن 2 ریلیز کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا گیا تھا۔

حال ہی میں ’پری زاد‘ کا کردار ادا کرنے والے اداکار احمد علی اکبر نے بی بی سی ایشن نیٹ ورک کو انٹرویو دیا جہاں انہوں نے ڈرامے کے سیزن 2 سے متعلق مختصر گفتگو کی۔

احمد علی اکبر نےکہا کہ انہوں نے ڈرامے کے رائٹر ہاشم ندیم کی انسٹاگرام اسٹوری پر ’پری زاد سیزن 2‘ کے بارے میں سنا تھا۔

احمد علی اکبر نے کہا کہ پری زاد کا کردار دوبارہ نبھانا مشکل ہوگا لیکن انہیں بھی تجسس ہے کہ پری زاد کا مستقبل کیا ہوگا، وہ کس طرح کی زندگی جیئیں گا،

اداکار نے کہا کہ وہ بظاہر نہیں چاہتے کہ پری زاد کا کردار دوبارہ کریں لیکن اندر سے وہ بھی چاہتے ہیں کہ ڈرامے کا سیزن 2 ہونا چاہیے تاکہ پری زاد کی زندگی کے بارے میں وہ جان سکیں، لیکن ڈرامے کا سیزن 2 آئے گا نہیں، اس کا فیصلہ رائٹر ہاشم ندیم ہی کریں گے۔

یاد رہے کہ ڈراما سیریل پری زاد 2021 میں ریلیز کیا گیا تھا، ڈرامہ اتنا زیادہ مشہور ہوا تھا کہ یہ عربی زبان میں بھی نشر ہوا تھا۔

یہ ڈراما سیریل بھارت، بنگلادیش میں بھی ٹرینڈنگ پر رہا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں