خیبر پختونخوا کے اضلاع ڈیرہ اسمٰعیل خان اور شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کیے گئے 2 آپریشنز کے دوران 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر ڈیرہ اسمٰعیل خان میں 5 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں بھی ایک دہشت گرد انعام اللہ ماراگیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔

بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن بھی کیا اور فورسز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

واضح رہے کہ 4 مئی کو سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو تباہ کرتے ہوئے6 شدت پسندوں کو ہلاک کردیا تھا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل 29 اپریل کو خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع خیبر میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران 4 دہشت گرد مارے گئے تھےجن میں دو رنگ لیڈرز بھی شامل تھے۔

خیال رہے کہ 29 اپریل کی صبح ہی آئی ایس پی آر کے بیان میں ٹانک میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کے دوران 4 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کی اطلاع دی گئی تھی۔

پریس ریلیز میں بتایا گیا تھا کہ ٹانک میں دہشت گردوں کی موجودگی پر سیکیورٹی فورسز کا آپریشن کیا گیا۔

آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

پریس ریلیز کے مطابق ہلاک دہشت گرد علاقے میں مختلف دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں