Dawnnews Television Logo

2018 میں گوگل کے ٹاپ ٹرینڈز میں کھیل سرفہرست

گوگل کے اعدادوشمار کے مطابق رواں سال پاکستان کے 10بہترین ٹرینڈز میں 7 کا تعلق اسپورٹس کے شعبے سے ہے۔
اپ ڈیٹ 15 دسمبر 2018 11:16pm

پاکستانی عوام کی کھیلوں میں دلچسپی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں لیکن ابھی تک ڈیجیٹل دنیا میں اس شعبے میں زیادہ کام نہیں کیا گیا تاہم اس شعبے میں مزید کام کرنے کی ضرورت ہے جس کی بڑی مثال 2018 کے گوگل کے ٹاپ ٹرینڈز ہیں جس میں اسپورٹس سرفہرست رہا۔

سرچ انجن کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق رواں سال پاکستان کے 10 بہترین ٹرینڈز میں سے 7 کا تعلق اسپورٹس کے شعبے سے ہے۔

پاکستان میں اسپورٹس کے مواد کے لیے مقامی پورٹل اور ذرائع کی کمی کے باعث کھیلوں کے شائقین اپنی پسند کا مواد ڈھونڈنے کے لیے سرگرداں رہتے ہیں۔

اگر گوگل کے 10 ٹاپ ٹرینڈز پر نظر دوڑائی جائے تو شائقین نے فیفا ورلڈ کپ، پاکستان سپر لیگ اور ایشیا کپ سمیت پاکستان کے میچوں میں سیاسی حالات و واقعات سے زیادہ دلچسپی لی اور سب سے زیادہ حیران کن بات رواں سال ہونے والے عام انتخابات بھی فہرست میں جگہ نہ بنا سکے۔

چلیں آئیے دیکھتے ہیں کہ کھیلوں کے ٹاپ 7 ٹرینڈز کون سے رہے۔

7 ۔ پاکستان بمقابلہ بھارت

روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچوں کا کسی فہرست کا حصہ ہونا کوئی تعجب کی بات نہیں بلکہ حیران کن بات یہ ہے کہ کھیلوں کے سر فہرست ٹرینڈز میں روایتی حریفوں کے درمیان مقابلے کا ٹرینڈ سب سے نیچے ہے۔

6 ۔ پی ٹی وی اسپورٹس

پاکستان ٹیلی ویژن کو ملک میں کھیلوں کے تمام عالمی مقابلے نشر کرنے کا حق حاصل ہے اور یہی وجہ ہے ملک میں ان کا کوئی بھی مقابلہ نہیں کر سکتا۔

اس کے ساتھ ساتھ غیرقانونی اسٹریمنگ کرنے والوں کے خلاف نشریاتی ادارے کی ناقص پالیسی کے سبب پاکستانی انٹرنیٹ صارفین اسے بہت زیادہ سرچ کرتے ہیں۔

5 ۔ برسبین ایشیا کپ

آسٹریلین شہر برسبین کے حوالے سے ٹرینڈ کا پاکستانی صارفین کی جانب سے سرچ کیا جانا حیرانی سے کم نہیں لیکن حقیقت یہی ہے کہ فٹبال ایونٹ برسبین ایشیا کپ بھی پاکستان کی جانب سے بہت زیادہ سرچ کیا گیا۔

4 ۔ پاکستان سپر لیگ 2018

پاکستانی ٹی 20 لیگ کا تیسرا ایڈیشن ’پاکستان سپر لیگ 2018‘ کا ٹرینڈ چوتھے نمبر پر موجود ہے اور یہ اس لیے بھی زیادہ حیران کن محسوس ہوتا ہے کیونکہ ایڈیشن سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران منعقد ہوا تھا اور اس کے باوجود اگلے 9 ماہ کے دوران کوئی اور ٹرینڈ اس کی جگہ نہ لے سکا۔

3 ۔ پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا

پاکستان اور آسٹریلیا رواں سال پہلی مرتبہ سہ ملکی ٹی 20 سیریز میں مدمقابل آئے اور پھر دونوں ممالک کے درمیان متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئی سیریز کے ذریعے یہ ٹرینڈ تیسرے نمبر پر رہا۔

2 ۔ فیفا ورلڈ کپ

فیفا ورلڈ کپ بلاشبہ دنیا بھر میں سال کا سب سے بڑا ایونٹ ہے اور ممکنہ طور پر ہمیشہ رہے گا اور یہی وجہ ہے کہ 2018 میں یہ پاکستانیوں کی جانب سے سرچ کیا جانے والا دوسرا سب سے بڑا ٹرینڈ رہا۔

ٹاپ ٹرینڈز میں کرکٹ کو سب سے زیادہ سرچ کیا گیا لیکن فیفا ورلڈ کپ کے ٹرینڈ کی دوسرے نمبر پر موجودگی اس بات کا ظاہر کرتی ہے جلد کرکٹ کو ڈیجیٹل میڈیا میں اس سلسلے میں مسابقت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

1 ۔ پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ

2018 میں پاکستان میں گوگل کا ٹاپ ٹرینڈ ’پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ‘ رہا، جو کافی لوگوں کے لیے بہت حیران کن ہوگا کیونکہ سال میں اس سے کہیں زیادہ اہم واقعات اور میچز منعقد ہوئے، البتہ اگر اعدادوشمار کو دیکھا جائے تو اس کی پہلے نمبر پر موجودگی آپ کو بالکل حیران نہیں کرے گی۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کوئی روایتی حریف نہیں اور نہ ہی دونوں ہی ٹیمیں دنیا کی بہترین ٹیمیں بھی نہیں لیکن اس کے باوجود گوگل پاکستانیوں کی جانب سے سب سے زیادہ سرچ کیے جانے کی وجہ دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والے بڑی تعداد میں میچز ہیں۔

پاکستان نے رواں سال کا آغاز نیوزی لینڈ کے خلاف میچز سے کیا تھا جس کے بعد رواں سال نیوزی لینڈ نے متحدہ عرب امارات میں پاکستان سے سیریز کھیلی تھی۔

سال 2018 میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں مجموعی طور پر 17 میچوں میں مدمقابل آئیں اور اسی وجہ سے دونوں ٹیموں کے درمیان میچز گوگل پر پاکستانیوں کا ٹاپ ٹرینڈ بننے میں کامیاب رہے۔