2018 کی بہترین بولی وڈ فلمیں

وہ فلمیں جو 100 کروڑ کلب میں شامل تو نہ ہوئیں، مگر کہانی اور اداکاری کے باعث لوگوں کو متاثر کرنے میں کامیاب گئیں۔
اپ ڈیٹ 03 جنوری 2019 04:27pm

بھارت کی فلم انڈسٹری کو دنیا کی سب سے بڑی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کہا جاتا ہے، یہاں پر ہندی کے علاوہ، تیلگو، ملایم، بنگلہ، تامل اور گجراتی سمیت دیگر مقامی زبانوں کی فلمیں بھی بنتی ہیں۔

ایک اندازے کے مطابق بھارت میں ہر سال تمام زبانوں کی ڈیڑھ ہزار فلمیں بنتی ہیں، یہ تعداد ہولی وڈ فلموں سے دگنی ہے۔

زیادہ تر لوگ فلموں کی کامیابی کا اندازہ ان کی کمائی سے لگاتے ہیں، تاہم حقیقت یہ ہے کہ بہترین فلم کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہوتا کہ اس نے کتنی کمائی کی۔

بولی وڈ کی تاریخ میں ایسی سیکڑوں فلمیں ہیں، جنہوں نے اچھی کمائی تونہیں کی، مگر وہ کہانی، اداکاری، موسیقی اورمنظرنگاری کے باعث کئی سال تک لوگوں کو یاد رہیں۔

ایسی ہی متعدد فلمیں سال 2018 میں بھی ریلیز ہوئیں، جنہوں نے اگرچہ 100 کروڑ کلب میں تو جگہ نہیں بنائی، مگر وہ اپنی کہانی و جاندار اداکاری کے باعث فلمی ناقدین کو متاثر کرنے میں کامیاب ہوئیں۔

درج ذیل فلمیں ایسی ہیں، جو دیکھنے سے تعلق رکھتی ہیں، انہیں دیکھا جانا چاہیے تھا، مگر کئی شائقین انہیں نہیں دیکھ پائے۔

اندھادھن

بولی وڈ فلم ’اندھادھن‘ کو رواں سال کی بہترین فلم قرار دیے جانے کا مقصد صرف اس کی کاسٹ نہیں، بلکہ فلم کا بہترین اسکرپٹ ہے، اس فلم نے یہ ثابت کیا کہ اگر اسکرپٹ مضبوط ہو اور اداکار پوری ذمہ داری سے فلم میں اپنا کردار نبھائیں تو چھوٹے سے چھوٹے بجٹ پر تیار کی گئی فلم کامیاب ثابت ہوسکتی ہے۔

فلم اندھادھن کی کہانی بینائی سے محروم ایک نوجوان لڑکے پر مبنی ہے جو پیانو بجانے کا ماہر ہے، یہ کردار اداکار آنوشمان کھرانہ نے نبھایا۔

تھرلر مسٹری پر مبنی اس فلم میں تبو اور ردھیکا آپٹے نے اہم کردار ادا کیے جبکہ فلم کی ہدایات سری رام راگھون نے دی۔

بدھائی ہو

فلم ’بدھائی ہو‘ کی کہانی ایک نہایت سنجیدہ موضوع پر مبنی تھی، جس پر آج تک شاید ہی کوئی فلم بنائی گئی ہو۔

مزاحیہ اور جذباتی اس فلم میں بھی آیوشمان کھرانہ نے اہم کردار نبھایا۔

اس فلم کی کہانی 25 سالہ ایک ایسے نوجوان کے گرد گھومتی ہے جو اپنی والدہ کے حاملہ ہونے کی خبر سن کر کافی شرمندگی محسوس کرتا ہے اور خود کو ان سے دور کردیتا ہے۔

فلم میں نینا گپتا نے آیوشمان کھرانہ کی والدہ جبکہ سنیا ملہوترا نے آیوشمان کھرانہ کی گرل فرینڈ کا کردار نبھایا۔

امت شرما کی ہدایات میں بننے والی یہ فلم تیار تو صرف 29 کروڑ بھارتی روپے کے بجٹ پر ہوئی تاہم اس نے ریلیز سے اب تک 221 کروڑ بھارتی روپے کمالیے۔

پدماوت

2018 کے آغاز میں سامنے آنے والی فلم ’پدماوت‘ کئی تنازعات کا سامنا کرنے کے بعد سینما گھروں پر ریلیز ہوئی اور فوری ہی باکس آفس پر کامیاب ثابت ہوگئی۔

سنجے لیلا بھنسالی کی ہدایات میں بننے والی اس فلم کی کہانی رانی پدماوتی، ان کے شوہر راجا راول رتن سنگھ اور ظالم بادشاہ علاؤالدین خلجی پر مبنی تھی۔

فلم میں دپیکا پڈوکون، شاہد کپور اور رنویر سنگھ نے مرکزی کردار نبھائے اور تینوں ہی اداکاروں کے کام کو بےحد سراہا گیا۔

اس فلم کو ویسے تو گزشتہ سال دسمبر میں ریلیز کیے جانے کا ارادہ کیا گیا تھا، تاہم فلم کے موضوع پر ہونے والے تنازعات کے باعث اس کی ریلیز ملتوی کی گئی، جبکہ فلم کے ہدایت کار اور مرکزی اداکارہ کو قتل کی دھمکیاں بھی ملی۔

استری

امر کوشک کی ہدایات میں بننے والی فلم ’استری‘ بھی رواں سال کی کامیاب فلموں میں شمار ہوئی۔

اس فلم کی دلچسپ اور منفرد کہانی لوگوں کے دلوں میں گھر کر گئی، ہارر اور کامیڈی پر مبنی اس فلم میں راج کمار راؤ نے مرکزی کردار ادا کیا، جبکہ شردہا کپور چڑیل کے روپ میں نظر آئیں۔

فلم کی کہانی، اداکاری اور ڈائیلاگز سب ہی کو خوب داد وصول ہوئی۔

23 سے 24 کروڑ بھارتی روپے کے بجٹ پر تیار کی گئی اس فلم نے باکس آفس پر 181 کروڑ بھارتی روپے کمائے۔

سنجو

فلم ’سنجو‘ اداکار سنجے دت کی متنازع زندگی پر بنائی گئی، جس میں رنبیر کپور نے سنجے دت کا مرکزی کردار نبھایا۔

اس فلم کے اسکرپٹ کو بھی سراہا گیا، جبکہ رنبیر کپور کے سنجے دت بن کر اسکرین پر جلوہ گر ہوئے کے انداز کو سب سے زیادہ داد وصول ہوئی۔

فلم کی ہدایات نامور ڈائیریکٹر راج کمار ہیرانی نے دی، جبکہ اس فلم نے باکس آفس پر شاندار بزنس بھی کیا۔

ریڈ

2018 کی یہ فلم ایک بہادر انکم ٹیکس آفسر کی زندگی پر مبنی ہے، جو بڑے سیاست دان کے گھر پر چھاپہ مارتا ہے۔

فلم کی ہدایات راج کمار گپتا نے کی، جس میں مرکزی کردار اجے دیوگن نے نبھایا۔

فلم کے اسکرپٹ کو نہ صرف سراہا گیا، بلکہ اجے دیوگن کی اداکاری کو بھی تجزیہ کاروں اور مداحوں کی خوب داد وصول ہوئی۔

فلم نے باکس آفس پر بھی شاندار بزنس کیا، جبکہ فلم کی دیگر کاسٹ کو بھی سراہا گیا۔

102 ناٹ آؤٹ

102 ناٹ آؤٹ اس سال کی سب سے دلچسپ فلم قرار پائی، جس میں ماضی کے دو بہترین اداکاروں امیتابھ بچن اور رشی کپور نے والد اور بیٹے کا کردار نبھایا۔

فلم کی کہانی کو بھی پسند کیا، جبکہ بوڑھے باپ بیٹے کے درمیان ہونے والے مزاحیہ اور جذباتی لمحات بھی خاصے پسند کیے گئے۔

اس فلم کی ہدایات امیش شکلا نے دی تھی۔

سمبا

ویسے تو رنویر سنگھ کی فلم سمبا اس ہی ماہ ریلیز ہوئی، تاہم ریلیز ہوتے ہی تجزیہ کاروں اور مداحوں کے دلوں پر چھا گئی۔

اس فلم کو ہدایت کار روہت شیٹھی کی اب تک کی سب سے بہترین فلم قرار دیا جارہا ہے۔

جبکہ فلم میں رنویر سنگھ اور سارہ علی خان کے کام کو بھی سراہا گیا۔