قوم کا بانی پاکستان کو ’یوم پیدائش‘ پر خراج عقیدت پیش

بابائے قوم کے 146ویں یوم پیدائش پر صدر مملکت اور وزیر اعظم سمیت دیگر شخصیات نے ان کی قربانیوں پر انہیں سلام عقیدت پیش کیا۔
اپ ڈیٹ 25 دسمبر 2021 12:56pm

بانی پاکستان اور بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے 146 ویں یومِ پیدائش کے موقع پر سربراہ مملکت اور سربراہ حکومت سمیت دیگر اہم سیاسی، سماجی، اسپورٹس اور شوبز شخصیات اور قوم نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

بابائے قوم کے یوم پیدائش کے حوالے سے حکومت پاکستان کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے بھی انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے بتایا گیا کہ آج پورا ملک بانی پاکستان کی سالگرہ پر انہیں سلام پیش کرتا ہے۔

صدر مملکت کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے بانی پاکستان کی سالگرہ کے موقع پر کی گئی ٹوئٹ میں ان کی قربانیوں کو سراہا گیا۔

صدر مملکت عارف علوی کی جانب سے کی گئی ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ محمد علی جناح کے عزم اور بے مثال کردار کی وجہ سے ہی پاکستان کا خواب حقیقت میں تبدیل ہوا۔

وزیر اعظم عمران خان نے بابائے قوم کے یوم پیدائش پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے متعدد ٹوئٹس کیں، جن میں ان کی جدوجہد اور قربانیوں کو بیان کیا گیا۔

وزیر اعظم کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے کی گئی ٹوئٹس میں لکھا گیا کہ "آج ہم اپنے عظیم رہنما قائداعظم محمد علی جناح کا یوم پیدائش منا رہے ہیں، یہ ہماری نسل اور ہمارے بچوں کے لیے فخر کی بات ہے کہ وہ ایک آزاد پاکستان میں پیدا ہوئے،جو قائداعظم کی جدوجہد کے بغیر ہمارا مقدر نہیں بن سکتا تھا"

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی بانی پاکستان کی قربانیوں پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ٹوئٹ کی کہ وہ عظیم کردار، انسانیت اور رواداری کے رہنما تھے اور دعا ہے کہ ہم بطور قوم ان کے نقش قدم پر چلیں۔

وفاقی وزیر شیریں مزاری نے بھی بابائے قوم کو سالگرہ پر سلامی پیش کی اور لکھا کہ پاکستان کے لیے ان کے وژن پر سچا ہونا ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ قائد اعظم کو خراج عقیدت پیش کرنے کا اس سے بہتر اور کوئی طریقہ نہیں ہو سکتا کہ ہم صرف اور صرف کام، کام اور کام کرکے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا بانی پاکستان کے یوم پیدائش پر جاری کیا گیا خصوصی پیغام بھی شیئر کیا گیا، جس میں انہوں نے بابائے قوم کو ان کی عظیم جدوجہد اور قربانیوں پر سلامی پیش کی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بوزدار نے بھی قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی عظیم قربانیوں پر انہیں سلام پیش کیا۔

کشمیری رہنما مشعل حسین ملک نے بھی بانی پاکستان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں برصغیر کا سب سے اہم رہنما قرار دیا اور لکھا کہ محمد علی جناح نے رواداری اور برابری کا وژن دیا۔

سینیئر صحافی اور اینکر حامد میر نے بھی بابائے قوم کو یوم سالگرہ کے موقع پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی یادگار تقریر کی ایک ویڈیو بھی شیئر کی اور ان کی جانب سے ملک کے دفاع کے لیے ایئر فورس کے قیام کے خیال پر بھی بات کی۔

تجزیہ نکار اور فلاسافر زید حامد نے بھی بانی پاکستان کی تاریخی تقریر کو شیئر کرتے ہوئے ٹوئٹ کی کہ جو لوگ سوال کرتے ہیں کہ پاکستان کیوں بنایا گیا؟ انہیں قائد اعظم کی مذکورہ تقریر سننی چاہیے، انہیں ان کا جواب مل جائے گا۔

سابق کرکرٹر شاہد آفریدی نے بھی بابائے قوم کو یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں ان کی قربانیوں پر سلامی بھی دی۔

ٹی وی میزبان، گلوکار و اداکار فخر عالم نے بانی پاکستان کے یوم پیدائش پر ان کے اقلیتوں سے متعلق بیان کو شیئر کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

قومی کرکٹر شعیب ملک نے بھی بابائے قوم کو ان کے یوم پیدائش پر سلامی پیش کی، علاوہ ازیں دیگر متعدد شوبز، اسپورٹس، سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی ان کی سالگرہ پر سوشل میڈیا پوسٹس میں انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

حکومتی وزارتوں، اداروں سمیت خانگی ادارو اور عام عوام نے بھی بانی پاکستان کے یوم پیدائش پر انہیں سلامی پیش کی اور ان کے حوالے سے ٹوئٹر پر دو سے زیادہ ٹرینڈز ٹاپ پر رہے۔