کھیل

بیٹنگ کوچ کیلئے انضمام بہترین آپشن ہیں، آفریدی

انضمام کو اب بھی ڈریسنگ روم میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، وہ بیٹنگ کوچ کیلئے بہترین چوائس ہیں، مایہ ناز آلراؤنڈر۔

بیٹنگ کوچ کیلئے انضمام بہترین آپشن ہیں، آفریدی

انضمام کو اب بھی ڈریسنگ روم میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، وہ بیٹنگ کوچ کیلئے بہترین چوائس ہیں، مایہ ناز آلراؤنڈر۔

دبئی:مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کو ذہنی اور تکنیکی طور پر مضبوط بیٹنگ کوچ کی ضرورت ہے، اس عہدے کیلئے انضمام الحق بہترین آپشن ہیں۔

ایک نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انضمام الحق بیٹنگ میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں، انہیں اب بھی ڈریسنگ روم میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، ان کی نظر میں وہ بیٹنگ کوچ کیلئے بہترین چوائس ہیں۔

انضمام الحق 378 ایک روزہ اور 120 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں جس کے دوران انہوں نے بالترتیب 11739 اور 8830 رنز بنائے۔

وہ پاکستان کی جانب سے ایک روزہ میچوں میں سب زیادہ رنز بنانے والے بلے باز ہیں جبکہ ٹیسٹ میچوں میں اس فہرست میں وہ صرف جاوید میانداد سے پیچھے ہیں۔

انہوں نے پاکستان کیلئے متعدد میچوں میں کپتانی کے فرائض بھی سرانجام دیئے۔

آفریدی نے کہا کہ باؤلنگ کوچ محمد اکرم اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھا رہے ہیں، ان کی کاوشوں سے باؤلرز کی کارکردگی میں تسلسل آیا ہے۔

انہوں نے نوجوان بلے باز صہیب مقصود کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹیم کو جارح مزاج مڈل آرڈر بلے باز کی ضرورت تھی اور پاکستان کو صہیب مقصود کی صورت میں بہترین کھلاڑی مل گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان میں سپر سٹار بننے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ نہ ہونے سے پاکستان کرکٹ کو بہت نقصان ہو رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سری لنکا سے سیریز دلچسپ ہوگی اور شائقین کو اچھے مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔

خیال رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹی ٹوئنٹی، پانچ ون ڈے اور تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز بدھ سے شروع ہورہی ہے۔