ہملٹن: رامدین، چندرپال نے ویسٹ انڈیز کو تباہی سے بچا لیا
ہملٹن: ویسٹ انڈیز نے دنیش رامدین اور شیونارائن چندرپال کی شاندار بلے بازی کی بدولت نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ کے پہلے روز اپنی پہلی اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر289 رنز بنا لئے۔
جمعرات کو سڈن پارک، ہملٹن میں دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ شروع ہوا تو کیویز کپتان برینڈن میکولم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
براتھ وائٹ اور کیرن پاول نے ٹیم کو 41 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن اس کے بعد 86 کے مجموعے تک ویسٹ انڈین ٹیم 5 وکٹوں سے محروم ہو گئی۔
کیرن پاؤل آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی تھے جو 26 رنز بناکر نیل واگنر کا شکار بنے جبکہ براتھ وائٹ 45 رنز بناکر ٹیم ساؤتھی کی گیند پر ولیمسن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
کرک ایڈورڈز کی اننگ چھ رنز تک محدود رہی جبکہ مارلن سیمیولز اور نارسنگھ ڈیونارائن، اینڈرسن کا نشانہ بنے۔
چھیاسی پر پانچ وکٹوں سے محروم ہونے کے بعد ویسٹ انڈین ٹیم شدید مشکلات سے دوچار تھی لیکن شیو نارائن چندر پال اور دنیش رامدین نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 200 رنز کی شراکت داری قائم کی۔
دنیش رامدین نے اس دوران ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی چوتھی سنچری بھی مکمل کر لی، وہ 107 رنز بناکر اینڈرسن کی گیند پر واٹلنگ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
جب پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو تجربہ کار چندرپال 94 اور ڈیرن سیمی بغیر کوئی رن بنائے وکٹ پر موجود ہیں۔
نیوزی لینڈ کی طرف سے اینڈرسن نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 اور ٹیم ساؤتھی نے 2 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔