کھیل

عمر گل قومی ایک روزہ ٹیم میں شامل

سری لنکا کے خلاف ایک روزہ سیریز میں باؤلنگ لائن کو مضبوط کرنے کے لیے عمر گل کو ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔

کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے تجربہ کار فاسٹ باؤلر عمر گل کو فٹنس ٹیسٹ پاس کرنے کے بعد سری لنکا کے خلاف ایک روزہ میچز کی سیریز کے لیے ٹیم کا حصہ بنا لیا ہے جہاں وہ پہلی دستیاب فلائٹ سے شارجہ روانہ ہو جائیں گے۔

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے قائد مصباح الحق نے ایک بیان میں کہا تھا کہ اختتامی اووروں میں ٹیم کو عمر گل اور محمد عرفان کی کمی محسوس ہورہی ہے اور سیریز میں فتح حاصل کرنے کے لیے اس مسئلے کو حل کیا جانا ضروری ہے۔

انتیس سالہ فاسٹ باؤلر فروری میں دورہ جنوبی افریقہ کے موقع پر گھٹنے کی انجری کا شکار ہو کر ٹیم سے باہر ہو گئے تھے۔

اس کے بعد ان کی آسٹریلیا میں سرجری بھی ہوئی تھی اور اس وقت سے وہ مسلسل صحتیابی کے لیے کوشاں تھے۔

رواں سیریز کے لیے ٹیم کے اعلان سے قبل نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں گل کا فٹنس ٹیسٹ لیا گیا تھا لیکن وہ ٹیم مینجمنٹ اور سلیکٹرز کو متاثر کرنے میں ناکام رہے تھے۔

تاہم پی سی بی نے ٹیم مینجمنٹ کی خصوصی درخواست پر ان کا فٹنس لیا جس کے بعد انہیں فٹ قرار دے کر سیریز کے لیے ٹیم کا حصہ بنالیا گیا ہے۔

پی سی بی کے ترجمان کے مطابق گل کو ٹیم مینجمنٹ اور قومی سلیکٹرز کی درخواست پر بھیجا جا رہا ہے جہاں ٹیم میں ان کی شمولیت سے سری لنکا کے خلاف سیریز کے بقیہ میچز میں باؤلنگ لائن مضبوط کرنے میں مدد ملے گی۔

عمر گل نے ٹیسٹ کرکٹ میں 163، ایک روزہ میچز میں 161 اور ٹی ٹوئنٹی میں 74 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان متحدہ عرب امارات میں کھیلی جا رہی سیریز 1-1 سے برابر ہے جہاں سیریز کے دونوں میچز میں پاکستانی باؤلنگ لائن بری طرح ناکام رہی خصوصاً دوسرے میچ میں 285 رنز کے ہدف کا دفاع بھی نہ کر سکی۔