ابوظہبی ٹیسٹ میں سری لنکن بلے بازوں کی مزاحمت
ابو ظہبی: سری لنکا نے پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کم بیک کرتے ہوئے اپنی دوسری اننگ میں چار وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز اسکور کرلیے ہیں تاہم پاکستان کی میچ پر سبقت برقرار ہے۔
اس طرح مہمان ٹیم سات رنز کی برتری حاصل کرنے میں کامیاب رہی جبکہ اسکی مزید چھ وکٹیں باقی ہیں۔
ابو ظہبی میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز دن کے آغاز پر اس شفیق اسکور بورڈ پر بغیر کسی رن کے اضافے کے پویلین لوٹ گئے۔
نئے بلے باز عدنان اکمل بھی زیادہ دیر کپتان کا ساتھ نہ نبھا سکے اور 342 کے مجموعے پر ایرانگا کی وکٹ بنے۔
اس موقع پر بلاول بھٹی نے مصباح الحق کے ساتھ مل کر اسکور کو 369 تک پہنچایا لیکن اس موقع پر وہ بھی ہمت ہار کر میتھیوز کا شکار بن گئے۔
دوسرے اینڈ پر موجود مصباح ساتھی کھلاڑیوں کی واپسی کا منظر دیکھتے رہے، جہاں 378 کے مجموعے تک سعید اجمل اور راحت علی بھی ان کا ساتھ چھوڑ گئے۔
بالآخر 383 کے اسکور پر مصباح بھی 135 رنز بنانے کے بعد رنگنا ہیراتھ کی اننگ میں تیسری وکٹ بن گئے۔
سری لنکا کی جانب سے شمنددا ایرانگا اور ہیراتھ نے تین تین جبکہ سورنگا لکمل نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
دوسری جانب سری لنکا نے اپنی اننگ کا آغاز پر اعتماد انداز میں کیا اور پہلی وکٹ پر 47 رنز اسکور کیے۔اس موقع پر اوپننگ بلے باز دمتھ کارونارتنے 24 رنز بناکر جنید خان کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔
تاہم اس کے بعد کوشل سلوا اور نئے آنے والے تجربہ کار بلے باز کمار سنگاکارا کے درمیان 99 رنز کا شاندار اسٹینڈ قائم ہوا جس نے سری لنکا کی میچ میں واپسی کی راہیں ہموار کیں۔
146 کے مجموعی اسکور پر سنگاکارا 55 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ان کی وکٹ بلاول بھٹی نے حاصل کی۔
بھٹی نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ جاری رکھتے ہوئے مہیلا جے وردھنے کو پہلی ہی گیند پر آؤٹ کردیا۔ خیال رہے کہ پہلی اننگ میں بھی بلاول نے ہی مہیلا کی وکٹ حاصل کی تھی۔
آخری آؤٹ ہونے والے بلے باز کوشل سلوا تھے جو دن کی آخری گیند پر جنید خان کی باؤلنگ پر عدنان اکمل کو کیچ دے بیٹھے۔
پاکستان کی جانب سے جنید خان اور بلاول بھٹی دو،دو کھلاڑی آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔
اس طرح سری لنکا کو پاکستان پر میچ میں سات رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ دنیش چند مل 24 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔