• KHI: Clear 21.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 13.9°C
  • ISB: Partly Cloudy 12.1°C
  • KHI: Clear 21.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 13.9°C
  • ISB: Partly Cloudy 12.1°C

ابو ظہبی ٹیسٹ پر پاکستان کی مضبوط گرفت

شائع January 1, 2014

ابو ظہبی: سینیئر بلے باز یونس خان اور کپتان مصباح الحق کی سنچریوں کی بدولت پاکستان نے سری لنکا کے خلاف متحدہ عرب امارات میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ میں اپنی پوزیشن مستحکم کر لی ہے۔

میچ کے دوسرے دن کے اختتام پر پاکستان نے پہلی اننگز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 327 رنز بنا کر مہمان ٹیم پر 123 رنز کی برتری حاصل کر لی۔

شیخ زید سٹیڈیم میں جاری میچ کے دوسرے روز پاکستان نے دن کا آغاز گزشتہ روز کے اسکور 46 رنز ایک وکٹ کے نقصان پر کیا تاہم ابتدائی اووروں میں سری لنکن باؤلروں کی نپی تلی باؤلنگ کے باعث پاکستان نے دو وکٹیں جلد گنوادیں۔

آج پہلے آؤٹ ہونے والے بلے باز محمد حفیظ تھے جنہوں نے حالیہ ایک روزہ سیریز میں تین سنچریاں اسکور کی تھیں۔

انہیں گیارہ رنز پر سرنگا لکمل کی گیند پر کوشل سلوا نےکیچ آؤٹ کیا۔

اگلے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین احمد شہزاد (38)تھے جو شمندا ایرنگا کی گیند پر دیمتھ کرونارتنے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

اس موقع پر پاکستان کا اسکور 83 رنز تین کھلاڑی آؤٹ تھا جبکہ سری لنکا کا اسکور برابر کرنے کے لیے اسے مزید 121 رنز درکار تھے۔

تجربہ کار بلے باز یونس خان اور مصباح الحق کے درمیان قائم ہونے والی 218 رنز کی شراکت نے میچ میں پاکستانی گرفت مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

یونس خان نے 136 رنز کی شاندار اننگ کھیلی اور اس دوران انہوں نے وکٹ کے چاروں طرف شاندار اسٹروکس لگاتے ہوئے مہمان ٹیم کی مشکلات میں اضافہ کیا۔

اپنی تئیسویں سینچری میں انہوں نے 19 چوکے جبکہ ایک چھکا بھی لگایا۔

یونس ایرنگا کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔

دوسری جانب، مصباح الحق نے بھی یونس کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے گزشتہ سال سے جاری بہترین فارم کا تسلسل جاری رکھتے ہوئے اپنے کریئر کی پانچویں سنچری اسکور کی۔

مصباح دن کے اختتام پر اسد شفیق کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

اس سے قبل گزشتہ روز جنید خان اور بلاول بھٹی کی شاندار باؤلنگ کی بدولت پاکستانی ٹیم سری لنکا کو 204 رنز تک محدود رکھنے میں کامیاب رہی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2025
کارٹون : 20 دسمبر 2025