انڈین ویلز میں فیڈرر ناکام، ٹائٹل جوکووچ کے نام
انڈین ویلز: عالمی نمبر دو سربیا کے نوواک جوکووچ نے انڈین ویلز میں کھیلے جانے والے اے ٹی پی ٹورنامنٹ کے فائنل میں ایک سخت مقابلے کے بعد ریکارڈ ہولڈر سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر کو شکست دے دی۔
فیڈرر نے میچ کا آغاز شاندار انداز میں کیا اور پہلا سیٹ 6-3 سے اپنے نام کر لیا۔
تاہم دوسرے سیٹ میں سربین حریف نے کھیل میں جاندار واپسی کرتے ہوئے سابقہ عالمی نمبر ایک کے خلاف بہترین کھیل پیش کیا اور دوسرا سیٹ 6-3 سے اپنے نام کر لیا۔
اس سیٹ میں ابتدائی سات سروس پر دونوں نے بالترتیب کامیابی حاصل کی لیکن آٹھویں سروس پر جوکووچ نے بریک کرتے ہوئے بالآخر سیٹ اپنے نام کر لیا۔
تین سیٹ پر مشتمل اس میچ میں تیسرا اور آخری سیٹ دلچسپی سے بھرپور رہا جہاں جوکووچ نے ابتدا میں ہی 2-1 کی برتری حاصل کر کے فیڈرر پر دباؤ بڑھا دیا۔
اس کی بدولت کھیل فیصلہ کن سیٹ میں ایک موقع پر 5-4 کی سبقت حاصل کرتے ہوئے سروس حاصل کر لی اور میچ میں ان کی فتح چند قدم کے فاصلے پر دکھائی دینے لگی۔
لیکن اس موقع پر 17 گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتنے والے فیڈرر نے اپنے تمام تر تجربے کا استعمال کرتے ہوئے سروس پر بریک پوائنٹ حاصل کر لیا اور معاملہ ٹائی بریکر پر آ رکا۔
ٹائی بریکر میں فیڈرر اپنے اس کھیل کو برقرار نہ رکھ سکے جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سربین اسٹار نے 3-0 کی سبقت حاصل کر لی اور بالآخر ٹائی بریکر پر 7/3 کامیابی اپنے نام کر کے تیسرا انڈین ویلز تائٹل اپنے نام کر لیا۔
اس سے قبل انہوں نے 2008 اور 2001 میں یہ ایونٹ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا جبکہ یہ جوکووچ کے کیریئر کا 17واں ایلیٹ ماسٹر ٹائٹل ہے۔
دوسری جانب اس ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ کر عالمی شہرت یافتہ راجر فیڈرر ٹینس کی عالمی درجہ بندی میں آٹھویں سے پانچویں نمبر پر پہنچ گئے تھے۔